امت نیوز ڈیسک //
جموں: کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (مارکسسٹ) کے سینئر لیڈر ایم وائی تاریگامی نے جموں کشمیر میں انتخابات منعقد نہ کرانے پر حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی سخت تنقید کرتے ہوئے کہا: ’’جموں و کشمیر میں جمہوری طرز کی حکومت وقت کی اشد ضرورت ہے۔ جموں کشمیر میں 2018 سے گورنر راج نافذ العمل ہے۔ بھارتیہ جنتا پارٹی یہاں انتخابات کرانے میں سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کر رہی۔ اگر جلد اور شفاف طریقے پر یہاں انتخابات منعقد نہ کیے گئے تو اس کے سنگین نتائج برآمد ہونگے جس سے نہ صرف خطہ جموں و کشمیر بلکہ پورا ملک اثرا انداز ہوگا۔‘‘
بی جے پی کشمیر میں انتخابات منعقد کرانے کے موڑ میں نہیں، تاریگامیتاریگامی نے بھارتیہ جنتا پارٹی کو راست تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا: ’’بھارتیہ جنتا پارٹی جموں و کشمیر میں انتخابات منعقد کرانے کے حوالہ سے بالکل بھی موڑ میں نہیں ہے، نہ وہ اس جانب سنجیدہ ہے۔‘‘ انہوں نے بی جے پی کی (کشمیر کے حوالہ سے) پالیسیز کی سبھی سخت تنقید کرتے ہوئے کہا: ’’بی جے پی نے 5اگست 2019سے لیکر آج تک اپنی مرضے کے مطابق فیصلے لیے، ریاست کی نیم خود مختاری چھن لی، اس کی تقسیم کرکے دو حصے کر دئے۔ اپنی مرضی کے مطابق اپنے لوگوں کو خوش کرنے کے لیے حد بندی کی گئی۔ غیر مقامیوں کو حق رائے دیہی کا حق۔ ان سب کے باوجود بھارتیہ جنتا پارٹی کا جموں و کشمیر میں الیکشن منعقد کرانے کا کوئی ارادہ نہیں۔‘‘
غیر مقامی باشندوں کو ووٹ ڈالنے کا حق دیئے جانے پر تاریگامی نے کہا: ’’ووٹ کون ڈال سکتا ہے کون نہیں، اس کا فیصلہ ایک تحصیلدار نہیں بلکہ الیکشن کمیشن کو ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’انتخابات منعقد کرانے کے حوالہ سے لوگوں میں تشویش اس بات کی عکاس ہے کہ یہاں کے باشندے ابھی بھی نئی دہلی پر بھروسہ نہیں کرتے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ ’’اب وقت آگیا ہے کہ جموں و کشمیر کے باشندوں خاص کر سیاسی جماعتوں کو بیدار ہوکر یہاں کے لوگوں پر نئی دہلی کے حملوں کے خلاف اجتماعی اور متحد آواز بن کر آگے آئیں۔‘‘
بی جے پی پر طنز کرتے ہوئے تاریگامی نے کہا کہ ’’جموں و کشمیر میں طاقت کے بل پر جمہوریت کی جڑیں کاٹی جا رہی ہیں، جمہوریت پہلے ہی کافی کمزور تھی اب اسے مزید کمزور کرنے کی منصوبہ بند کوششیں کی جا رہی ہیں۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’جموں و کشمیر کو گجرات ماڈل میں تبدیل کیا جا رہا ہے۔ شراب، بیئر اور منشیات کی فروخت کی آزادانہ اجازت کیوں دی جا رہی ہے؟‘‘۔( بشکریہ ای ٹی وی بھارت)











