امت نیوز ڈیسک //
مکہ مکرمہ: امریکی گلوکار و موسیقار ڈی جے خالد اور لیجنڈری باکسر مائیک ٹائسن نے عمرے کی سعادت حاصل کی ہے۔ ڈی جے خالد اور مائیک ٹائسن ریڈ سی فلم فیسٹیول میں شرکت کے لئے سعودی عرب گئے تھے جہاں سے انہوں نے مکہ مکرمہ میں عمرے کی سعادت حاصل کی۔
اس مبارک سفر کی تصاویر اور ویڈیوز ڈی جے خالد نے اپنے انسٹاگرام پر شیئر کی ہیں۔ ان کے ہمراہ مائیک ٹائسن کے والد بھی تھے۔ ویڈیو میں خالد اور ٹائسن خانہ کعبہ کے سامنے طواف اور عمرہ کرتے نظر آ رہے ہیں۔ خیال رہے کہ سابق ہیوی ویٹ چیمپئن مائیک ٹائسن نے 1992 میں جیل میں وقت گزارتے ہوئے اسلام قبول کر لیا تھا۔
ڈی جے خالد نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا کہ وہ جیسے ہی مکہ پہنچے تو اسی لمحہ ان کی آنکھوں میں آنسو آ گئے۔ وہ اپنی پوری زندگی یہ چاہتے تھے کہ مکہ جا کر اللہ کی عبادت کریں، اللہ کا شکر ادا کریں۔ ویڈیو کے آخر میں ریکارڈ پروڈیوسر خالد کو اپنے دوست ٹائسن کے ساتھ ‘یہ خوبصورت تجربہ’ کرنے کے لیے شکریہ ادا کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔