امت نیوز ڈیسک //
جموں وکشمیر کے ضلع ریاسی میں پولیس نے جعلی ڈرائیونگ لائسنس فراہم کرنے کے ایک ریکٹ کا پردہ فاش کرکے چاد افراد کو گرفتار کیا ہے ۔
ایس ایس پی ریاسی امیت گپتا نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ ایک مصدقہ شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے ایک جعلی ڈرائیونگ لائسنسز فراہم کرنے کے ایک ریکٹ کا پردہ فاش کرکے اس میں ملوث چار جعلسازوں کو گرفتار کیا گیا ہے ۔
گپتا نے کہا کہ حق نواز ساکن ماہور نامی ایک شخص نے ریاسی پولیس تھانے میں ایک شکایت درج کی جس میں کہا گیا کہ اُس نے ڈرائیونگ لائسنس حاصل کر نے کے لئے متعلقہ دفتر میں درخواست درج کی جس دوران وہ ایجنٹوں کے گروپ کے رابطے میں آگیا جنہوں نے اس سے لائسنس کی فراہمی کے لئے 35 ہزار روپیے لے لئے ۔
ان کا کہنا تھا کہ شکایت موصول ہونے پر اس ضمن میں ایک کیس درج کیا گیا اور تحقیقات شروع کی گئیں۔
ایس ایس پی نے کہا کہ پولیس نے فوری کارروائی عمل میں لاتے ہوئے شکایت کنندہ کے شناخت کرنے پر راجیش کمار عرف ہیپی ساکن پناسا تھکراکوٹ نامی ایک شخص کو گرفتار کیا۔
گپتا نے کہا کہ کیس کی مزید تحقیقات کے دوران پولیس نے شام لال عرف شامو ساکن وجے پور ریاسی جس نے دھوکہ دے کر شکایت کنندہ سے 35 ہزار روپیے لائسنس بنانے کے لئے لئے اور اس کو ٹرانسپورٹ افسر آلو اورناچل پردیش کی طرف سے جاری کردہ لائسنس دے دی، کو بھی گرفتار کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ کیس کی تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آگئی کہ راجیش کمار اور شام لال نے جرنیل ساکن پناسا اور دیپک شرما سکان پکھرو کے ساتھ مل کر شکایت کنندہ کو جعلی لائسنس فراہم کی ہے اور بے ایمانی کرکے اس سے پیسے وصول کئے ہیں۔
ایس ایس پی نے کہا کہ پولیس ٹیم نے چھاپے مار کر دیپک کمار کو اکھنور جموں سے گرفتار کیا جبکہ اس جرم میں ملوث دیگر ملزموں کو ریاسی سے گرفتار کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں اورناچل پردیش کے ٹرانسپورٹ حکام کے ساتھ خط وکتابت کی گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ اس ضمن میں مزید تحقیقات جاری ہیں اور مزید گرفتاریوں کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا ہے ۔