امت نیوز ڈیسک //
جموں:جموں و کشمیر کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس دلباغ سنگھ نے کہا ہے کہ لوگوں کو عسکریت پسند تنظیموں کی طرف سے دی جانے والی دھمکیوں سے ڈرنے کی ضرورت نہیں ہے اور جو لوگ ایسی دھمکیاں دے رہے ہیں انہیں جلد ہی پکڑا جائے گا۔
ڈی جی پی کے مطابق پاکستانی ایجنسی آئی ایس آئی عسکریت پسندوں کو زندہ رکھنے کے لیے سوشل میڈیا کے ذریعے ایسی دھمکیاں جاری کرنے میں مصروف ہے۔ جموں و کشمیر کے ڈی جی پی کا یہ بیان عسکریت پسند تنظیم ‘کشمیر فائٹر ‘کی جانب سے سوشل میڈیا کے ذریعے ایک بار پھر غیر مقامی لوگوں کو نشانہ بنانے کی دھمکی کے بعد سامنے آیا ہے۔
دھمکیاں دینے والے بلاگز، ویب سائٹس کے خلاف سخت کارروائی کی جا رہی ہے، ڈی جی پیڈی جی پی نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر میں عسکریت پسندی ختم ہو رہی ہے اور ایسے کام کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے جو سوشل میڈیا کا استعمال کرکے لوگوں کو دھمکیاں دے رہے ہے۔انہوں نے کہا کہ بہت سی بلاگنگ سائٹس کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے جنہوں نے سوشل میڈیا پر اس طرح کی دھمکیاں وائرل کی ہیں۔ ڈی جی پی نے بتایا کہ سرحد پار لانچ پیڈ پر بہت سے عسکریت پسند موجود ہیں اور دراندازی کی کوششیں بھی کی جا رہی ہیں جنہیں سکیورٹی فورسز ناکام بنا رہی ہیں۔ جو چند درانداز یہاں داخل ہونے میں کامیاب ہوتے ہیں وہ بھی سکیورٹی فورسز کی مختلف کارروائیوں میں ہلاک کیے گئے ہیں۔
ڈی جی پی نے عسکریت پسند کے خاتمے کے بارے میں یہ بتایا کہ اس سال وادی میں 56 غیر ملکی عسکریت پسند ہلاک کیے گئے ہیں جو کہ گزشتہ چند برسوں میں سب سے زیادہ تعداد ہے۔