امت نیوز ڈیسک //
جموں: جموں و کشمیر کے ضلع ڈوڈہ میں منگل کی صبح ایک گاڑی دریائے چناب میں جا گرنے سے کم سے کم تین افراد کے ہلاک ہونے کا اندیشہ ہے۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ڈوڈہ میں منگل کی علی الصبح قریب ساڑھے پانچ بجے ایک کار دریائے چناب میں جا گری۔ انہوں نے کہا کہ واقعہ پیش آتے ہی پولیس اور ایس ڈی آر ایف کی ٹیمیں جائے واردات پر پہنچ گئیں اور بچاؤ آپریشن شروع کر دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس حادثے میں کم سے کم تین افراد کے ہلاک ہونے کا خدشہ ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل 14 نومبر کو ضلع ڈوڈہ کے ترنگول پل اسر کے قریب ایک گاڑی دریائے چناب میں گر جانے سے تین سرکاری ملازم ہلاک ہو گئے تھے جب کہ چوتھا ملازم زخمی ہوگیا تھا۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ڈوڈہ میں محکمۂ روڈ اینڈ بلڈنگس کے چار ملازمین ایک گاڑی میں سفر کر رہے تھے کہ ترنگول پل اسر کے نزدیک گاڑی سڑک سے لڑھک کر دریائے چناب میں گر گئی۔