امت نیوز ڈیسک //
بارہمولہ:شمالی کشمیر کے بارہمولہ اور وسطی کشمیر کے بڈگام ضلع کے ساتھ ساتھ گاندربل کے وَندہامہ علاقے میں بھی کشمیری پنڈتوں کے لئے رہائشی کوارٹرز تعمیر کیے جا رہے ہیں۔ عالمی وبا اور لاک ڈاؤن کے باعث سست رفتاری سے کام جاری رہا تاہم اقلیتوں خصوصاً کشمیری پنڈتوں پر حملہ کے بعد ان رہائشی کوارٹرز پر سرعت کے ساتھ کام جاری ہے۔
وَند ہامہ گاندربل میں 192فلیٹ تیار کیے جا رہے ہیں اور حکام کے مطابق بیشتر تعمیری کام مکمل ہو چکا ہے۔ رہائشی کوارٹرز( ٹرانزٹ کیمپ ) کا کام 2019 میں شروع کیا گیا تھا تاہم دفعہ 370کی منسوخی کے بعد پیدا شدہ صورتحال کے بعد گرچہ 2020میں تعمیری کام پھر سے شروع کیا گیا تاہم عالمی وبا کے سبب عائد لاک ڈاؤن کے باعث تعمیری کام پھر سے متاثر ہوامحکمہ تعمیرات عامہ کے انجینئر صاحبان کے مطابق وندہامہ، گاندربل میں 12 عمارتی ڈھانچوں کا بنیادی کام مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ تین بلاک تکمیل کے قریب ہیں۔ انہوں نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ ہر بلاک چار منزلہ عمارت پر مشتمل ہے جس میں ہر منزل میں چار فلیٹ ہیں، ہر بلاک میں کل 16 فلیٹس ہیں۔ یہ سرکاری کوارٹرز (ٹرانزٹ کیمپ)، 30 کنال پر محیط ہے اور توقع ہے کہ تقریباً 192 کنبوں کو رہائش فراہم کی جائے گی۔
واضح رہے کہ پی ایم (PM) پیکیج کے تحت وادی کشمیر میں کام کر رہے کشمیری پنڈت راہل بھٹ کی ہلاکت کے بعد پنڈتوں کی جانب سے کی مانگ کی جا رہی ہے جسے انتظامیہ نے نظر انداز کرکے وَندہامہ سمیت دیگر اضلاع میں رہائشی کوارٹز پر جنگی بنیادوں پر کام شروع کیا۔ حکام کے مطابق وندہامہ سمیت دیگر رہائشی کوارٹر پر جلد ہی کام مکمل کر لیا جائے گا۔