امت نیوز ڈیسک //
وادی کشمیر میں گرچہ موسم خشک ہے تاہم شہنشاہ زمستان چلہ اپنی طاقت کا بھر پور مظاہرہ کرتے ہوئے نہ صرف لوگوں کو ٹھٹھرتی سردیوں سے دو چار کر رہا ہے بلکہ آبی ذخائر کو بھی منجمد کر رہا ہے۔
محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کے مطابق سرینگر میں رواں سیزن کی اب تک کی ایک اور سرد ترین رات ریکارڈ ہوئی ہے جب کم سے کم درجہ حرارت منفی 5.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
قبل ازیں سرینگر میں 21 دسمبر کو سرد ترین رات ریکارڈ ہوئی تھی جب کم سے کم درجہ حرارت منفی4.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی5.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارد کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی4.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
ایک اور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی6.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی6.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
شمالی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی5.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت منفی4.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی4.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی4.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
لداخ یونین ٹریٹری کے ضلع کرگل میں کم سے کم درجہ حرارت منفی12.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ ضلع لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی12.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے ۔
محکمہ موسمیات کے مطابق وادی میں 25 دسمبر تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے ۔
محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ بعد ازاں وادی میں 26 سے 30 دسمبر موسم ابر آلود رہ سکتا ہے اور اس دوران بالائی علاقوں میں کہیں کہیں رک رک کر ہلکی سے درمیانی درجے کی برف باری کا امکان ہے ۔انہوں نے کہا کہ 26 اور27 دسمبر کو ہلکی برف باری اور درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے درج ہونے سے مغل روڈ، زوجیلا، کرناہ اور سادھنہ ٹاپ پر ٹرانسپورٹ کی نقل و حمل متاثر ہوسکتی ہے ۔
ان کا کہنا تھا کہ تاہم وادی میں فی الوقت بھاری برف باری کا کوئی امکان نہیں ہے ۔
دریں اثنا وادی میں جمعرات کو بھی صبح سے ہی موسم خشک رہا ور ہلکی دھوپ بھی چھائی رہی تاہم دوران شب درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے درج ہونے کے نتیجے میں آبی ذخائر کو جزوی طور منجمد پایا گیا۔