امت نیوز ڈیسک //
گاندربل: جموں و کشمیر کا مشہور سیاحتی مقام سونہ مرگ میں پیر کی شام کو تازہ برف باری ہوئی، جس کی وجہ سے وادی میں سردی میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔ سری نگر-لیہہ شاہراہ پیر کو سونہ مرگ میں تازہ برف باری کے بعد گاڑیوں کی آمدورفت کے لیے عارضی طور پر بند کر دی گئی ہے۔ ایک اہلکار نے بتایا کہ سڑک پر پھسلن کو دیکھتے ہوئے اسے عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سونہ مرگ میں پیر کی شام سے شدید برف باری کا سلسلہ جاری ہے تاہم گاندربل کے دیگر علاقوں میں کسی جگہ بھی بارش یا برفباری کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔
وہیں وادی کے بیشتر حصوں میں درجۂ حرارت مسلسل نقطۂ انجماد سے نیچے ہی درج کیا جا رہا ہے۔ گزشتہ شب جموں و کشمیر کے گرمائی دارالحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 3.5 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا جبکہ جنوبی کشمیر کے قاضی گنڈ میں منفی 4.2 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ وہیں ماہر موسمیات نے کشمیر میں 29 دسمبر سے دو روز تک برف و باراں کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ 29 سے 30 دسمبر کے درمیان ہلکی سے درمیانی بارش اور برفباری کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ کل وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی5.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں ایک روز قبل کا درجہ حرارت منفی 7.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی3.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں ایک روز قبل کا درجہ حرارت منفی6.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی4.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں ایک روز کا درجہ حرارت منفی5.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔