امت نیوز ڈیسک //
جموں : اتوار کی شام راجوری ضلع کے ڈنگری گاؤں میں فائرنگ کے ایک واقعے میں 13 زخمیوں میں سے تین افراد نے جی ایم سی راجوری میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ دیا۔
ایک اہلکار نے نیوز ایجنسی – کشمیر نیوز آبزرور (کے این او) کو بتایا کہ آج شام ڈنگری گاؤں میں فائرنگ کے واقعے کی اطلاع ملی، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ انہوں نے بتایا کہ اس واقعہ میں 13 افراد زخمی ہوئے اور انہیں علاج کے لئے جی ایم سی راجوری لے جایا گیا۔ انہوں نے مزید کہا، تاہم، 3 افراد ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے، جب کہ باقی زیر علاج ہیں۔
دریں اثنا، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ جی ایم سی راجوری، ڈاکٹر محمود نے نیوز ایجنسی کو بتایا کہ ڈنگری میں فائرنگ کے واقعے میں 3 افراد کی موت ہو گئی ہے، جبکہ 10 زخمی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زخمیوں کو جن کے جسم پر گولیوں کے متعدد زخم آئے ہیں ان کا ہسپتال میں علاج کیا جا رہا ہے۔
دریں اثنا، ایک اہلکار نے بتایا کہ یہ علاقہ مرکزی راجوری شہر سے تقریباً 7 سے 8 کلومیٹر دور ہے، جبکہ پولیس اور فوج موقع پر پہنچ گئی ہے۔ "ہم اس واقعے کے بارے میں مزید تفصیلات حاصل کر رہے ہیں،“۔( کے این او)