امت نیوز ڈیسک //
پونچھ:جموں وکشمیر کے سرحدی ضلع پونچھ میں حفاظتی اہلکاروں نے اسلحہ اور گولہ بارود بر آمد کر لیا۔ ذرائع نے بتایا کہ بدھ کو جموں و کشمیر پولیس، فوج اور سی آر پی ایف کی مشترکہ ٹیم نے بدھ کے روز ضلع پونچھ کے کلائی ٹاپ، شیندرا، رتہ جبر اور ملحقہ علاقوں میں تلاشی کارروائی کے دوران ہتھیار اور گولہ بارود برآمد کر لیا۔
برآمد ہونے والے ہتھیاروں میں 2 اے کے 47 رائفل، 3 اے کے 47 میگزین اور اے کے کے 35 راؤنڈ برآمد ہوئے ہیں۔ واضح رہے سرحدی ضلع راجوری میں یکم اور دو جنوری کو ڈنگری علاقے میں سات عام شہریوں کی ہلاک کے بعد حفاظتی اہلکاروں نے صوبہ جموں خاص کر راجوری اور پونچھ اضلاع میں حفاظتی اقدامات میں مزید اضافہ کیا جبکہ گھر گھر تلاشی کارروائی کے ساتھ ساتھ محاصرے بھی انجام دئے جا رہے ہیں۔ ان ہی محاصروں اور تلاشی کارروائیوں کے دوران راجوری میں دو مقامات پر آئی ای ڈی برآمد کی گئی جس کو بم ڈسپوزل اسکواڑ نے ناکارہ بنا دیا تھا وہیں پونچھ ضلع میں تلاشی کارروائی کے دوران ہتھیار اور گولہ بارود برآمد کر لیا گیا۔
حفاظتی اہلکاروں نے راجوری 18جنوری کو آئی ای ڈی برآمد ہونے کے بعد کیس درج کر لیا تھا جس کی تحقیقات کے دوران تین افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور پولیس ذرائع کے مطابق حراست میں لئے گئے افراد نے دوران تفتیش ایل او سی پار سے آئی ای ڈی یہاں بھیجے جانے اور ان کے ساتھ روابط کا بھی اعتراف کیا ہے۔