امت نیوز ڈیسک //
پونچھ: جموں و کشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ اور پیپلز ڈیمو کریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی نے اپنے دورہ پونچھ کے دوران لائن آف کنٹرول سے متصل اجوت گاؤں کا دورہ کیا۔ اس موقعے پر انہوں نے نواگرہ مندر کا درشن کیا۔ مورتیوں کا درشن کرنے کے بعد انہوں نے شیو لنگ پر جل ابھیشیک کر کے پوجا پاٹ میں حصہ لیا اور ریاست میں امن و امان کے لیے دعا کی۔ قابل ذکر ہے کہ اس مندر کی تعمیر پی ڈی پی کے سابق ایم ایل سی یشپال شرما نے کروائی تھی۔ صدر محبوبہ مفتی کے مندر درشن اور پوجا کے موقعے پر سابق ایم ایل سی یشپال شرما کے اہل خانہ کے علاوہ بڑی تعداد میں پارٹی کارکنان بھی موجود تھے۔
واضح رہے کہ ایک روز قبل پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی صدر محبوبہ مفتی نے راجوری کے ڈانگری علاقے میں عسکریت پسندوں کے حملے مارے گئے سات عام شہریوں کے اہل خانہ سے ملاقات کر کے تعزیت کا اظہار کیا۔ قابل ذکر ہے کہ ایک جنوری 2023 کو ضلع راجوری کے ڈانگری علاقہ میں دو دھماکوں اور گولی باری میں سات لوگ مارے گئے تھے۔ پی ڈی پی صدر و جموں کشمیر کی سابق وزیر اعلی محبوبہ مفتی نے راجوری میں عوامی جلسے کے بعد ڈانگری میں دھماکوں اور گولی باری میں مارے جانے والے افراد کے اہل خانہ سے ملاقات کی۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ معصوم لوگوں کا قتل عام کر کے عسکریت پسندوں نے حیوانیت کا ثبوت دیا ہے۔










