امت نیوز ڈیسک //
پلوامہ: جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے مترگام پلوامہ علاقے میں عسکریت پسندوں اور فوج کے مابین تصادم شروع ہوگیا ہے ۔ اطلاعات کے مطابق فوج، سی آر پی ایف اور پولیس کی ایک مشترکہ ٹیم نے علاقے میں کچھ عسکریت پسندوں کی موجودگی کے بارے میں مصدقہ اطلاعات ملنے کے بعد مترگام گاؤں کو محاصرے میں لے کر تلاشی کارروائی شروع کی۔ جب فوج، پولیس اور سی آر پی ایف کی مشترکہ ٹیم مشتبہ مقام کے قریب پہنچی تو وہاں چُھپے ہوئے عسکریت پسندوں نے فورسز پر گولی چلادی جس کے بعد فورسز اور عسکریت پسندوں کے مابین تصادم شروع ہوگیا۔ کشمیر پولیس نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ عسکریت پسندوں اور فوج کے درمیان جھڑپ شروع ہوگئی ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل ضلع پلوامہ کے گنڈی پورہ علاقے میں ہوئے تصادم میں دو عسکریت پسند ہلاک ہوئے تھے۔ اس جھڑپ میں پولیس کے مطابق ضلع پلوامہ منگہماہ علاقے سے تعلق رکھنے والے عابد حسین شاہ کے علاوہ ایک اور عسکریت پسند کو ہلاک کیا گیا تھا۔ عابد حسین شاہ نے کچھ ہفتے پہلے ہی عسکریت پسندوں کی صفوں میں شمولیت اختیار کی تھی۔ وہیں سکیورٹی فورسز نے دو اے کے رائفل بھی برآمد کیا تھا۔جموں و کشمیر پولیس کے مطابق وادی کشمیر میں عسکریت پسندی میں کافی حد تک کمی واقع ہوئی ہے اور وادی کشمیر میں پہلے کی طرح عسکریت پسندوں کی جانب سے حملے اور فائرنگ کے واقعات میں بھی کافی کمی آئی ہے۔ آئی جی پی کشمیر نے اس سے پہلے ایک بیان میں کہا تھا کہ وادی کشمیر میں ملی ٹینسی میں بہت کمی واقع ہوئی ہے۔ آئی جی پی کشمیر کے بیان کے مطابق اب وادی کشمیر میں سکیورٹی فورسز اور عسکریت پسندوں کے درمیان تصادم کے واقعات شاذ و نادر ہی پیش آتے ہیں۔







