امت نیوز ڈیسک //
نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے نئے پارلیمنٹ ہاؤس کے افتتاحی پروگرام کا بائیکاٹ کرنے کے اپوزیشن کے اعلانات کے درمیان جمعہ کو سوشل میڈیا پر نو تعمیر شدہ پارلیمنٹ ہاؤس کا جھانکی شیئر کی اور لوگوں سے اس پر ردعمل طلب کیا۔ اپنی پوسٹ میں نئے پارلیمنٹ ہاؤس کے جھانکی کی ویڈیو کے ساتھ مودی نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اپنی آواز میں ویڈیو پر اپنا ردعمل ظاہر کریں۔
وزیر اعظم نے ٹویٹ کیا کہ ‘نیا پارلیمنٹ ہاؤس ہر بھارتی کو فخر کا احساس کرائے گا۔ یہ ویڈیو اس مشہور عمارت کی ایک جھلک فراہم کرتی ہے۔ میری ایک خصوصی درخواست ہے۔ اس ویڈیو کو اپنی آواز میں شیئر کریں جو آپ کے خیالات کی عکاسی کرتی ہے۔ میں آپ کے کچھ جوابات کو ری ٹویٹ کروں گا۔
بتا دیں کہ مودی 28 مارچ کو نئے پارلیمنٹ ہاؤس کا افتتاح کریں گے۔ نئے پارلیمنٹ ہاؤس کی تعمیر کا کام گزشتہ تین سال سے جاری تھا۔ یہ 20,000 کروڑ روپے کے سنٹرل وسٹا ترقیاتی منصوبے کا حصہ ہے۔ اسے ٹاٹا گروپ کی ایک کمپنی نے تعمیر کیا ہے اور ابتدائی طور پر اس پر 862 کروڑ روپے کے اخراجات کی تجویز دی گئی تھی۔ اصل اخراجات کا تخمینہ اس سے کہیں زیادہ ہے۔
افتتاحی تقریب کے دوران اتوار کو وہاں کچھ تنظیموں کی جانب سے مظاہرہ منعقد کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ دہلی پولیس ذرائع کے مطابق نئے پارلیمنٹ ہاؤس کے افتتاح کے موقع پر علاقے میں سیکورٹی کے سخت انتظامات ہوں گے۔







