امت نیوز ڈیسک /
سرینگر (جموں و کشمیر):آئندہ ماہ شروع ہونے والی امرناتھ یاترا کی سیکورٹی کے لیے جلد ہی سیکورٹی فورسز کی تعیناتی عمل میں لائی جائے گی۔ یاترا کی حفاظت کے لیے تعینات نیم فوجی دستوں کی کمپنیاں 20 جون تک جموں پہنچنا شروع ہو جائیں گی۔ ان میں سے زیادہ تر کمپنیاں سی آر پی ایف کی ہوں گی۔ اس کے علاوہ آئی ٹی بی پی، بی ایس ایف، سی آئی ایس ایف کی کمپنیاں بھی اضافی کمپنیوں میں شامل ہوں گی، کیونکہ اس بار امرناتھ یاترا 62 دنوں تک جاری رہے گی اور کچھ عرصے سے جموں و کشمیر میں عسکریت پسندی کے واقعات میں بھی اضافہ ہوا ہے۔
سیکورٹی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے جموں کشمیر پولیس کے ایک سینئر افسر نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ ’’امرناتھ یاترا کے دوران عسکری حملوں کے خدشے کے پیش نظر لکھن پور سے امرناتھ گپھا تک تقریباً 60,000 اضافی سیکورٹی فورسز اہلکاروں کو تعینات کیا جائے گا۔ ان میں سب سے زیادہ تعداد جموں و کشمیر پولیس اور سی آر پی ایف کے اہلکاروں کی ہو گی۔ خواتین اہلکار بھی مختلف مقامات پر تعینات کے جائے گے۔‘‘پولیس افسر کا کہنا تھا کہ ’’اس کے علاوہ دیگر نیم فوجی دستوں کو بھی تعینات کیا جائے گا۔ ایک ہفتہ کے اندر سی آر پی ایف کی اضافی کمپنیوں کے یہاں پہنچنے کی امید ہے۔ اس بار امرناتھ یاترا کے دوران سیکورٹی فورسز کی تعیناتی چپے چپے پر ہوگی اور کئی مقامات پر اسنائپرز اور شارپ شوٹرز کو تعینات کیا جائے گا۔ امرناتھ یاترا کے قافلے کو اس بار پہلے سے زیادہ تکنیکی آلات کے ساتھ بھیجا جائے گا۔ اس میں بہت سے آلات استعمال کیے جائیں گے، جو قافلے کو کسی بھی قسم کے حملے سے محفوظ رکھیں گے۔‘‘