امت نیوز ڈیسک //
سرینگر:جموں کشمیر کے سابق بیروکریٹ برج راج شرما نے جمعرات کو یونین ٹریٹری جموں و کشمیر کے اسٹیٹ الیکشن کمیشنر کا حلف لیا۔ یہ حلف انہیں لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے سرینگر کے راج بھون میں منعقد کی گئی تقریب میں دلایا۔ بی آر شرما کو گزشتہ ہفتے منوج سنہا نے اس عہدے کے لئے منتخب کیا تھا۔ اسٹیٹ الیکشن کمشنر جموں کشمیر میں پنچایتی اور ضلع ترقیاتی کونسل کے انتخابات منعقد کراتا ہے۔
بی آر شرما سے قبل سابق آئی اے ایس افسر کے کے شرما اسٹیٹ الیکشن کمیشنر رہے جن کی دو برس کی مدت امسال فروری میں مکمل ہوئی تھی۔ وہ ایل جی منوج سنہا کے مشیر تھے تاہم اکتوبر سنہ 2020 میں انکو سٹیٹ الیکشن کمیشنر منتخب کیا گیا تھا۔ کے کے شرما جموں ضلع کے باشندے ہیں۔ برج راج شرما بھی جموں ضلع کے رہنے والے ہیں اور سنہ 1984 کے آئی اے ایس بیچ کے افسر تھے۔ وہ اپریل سنہ 2020 میں نوکری سے سبکدوش ہوئے تھے اور دوران سروس وہ جموں کشمیر میں کئی انتظامی عہدوں پر فائز رہ چکے ہیں۔سنہ 2015 اور سنہ 2017 کے مابین پی ڈی ڈی اور بے جی پی سرکار میں شرما جموں کشمیر کے چیف سیکریٹری رہے ہیں۔
سبکدوشی کے بعد اکتوبر سنہ 2019 میں انکو مرکزی سرکار نے دو برس کے لئے اسٹاف سلیکشن کمیشن کا چیئرمین منتخب کیا تھا تاہم آٹھ ماہ کے بعد انہوں نے استعفیٰ پیش کیا کیونکہ سنہ مئی 2020 میں انکو جموں کشمیر کے سابق ایل جی گریس چند مرمو نے جموں کشمیر پبلک سروس کمیشن کا چیئرمین مقرر کیا تھا، جس کے مدت دو برس ہے یا 62 برس کی عمر کی حد ہے۔
یاد رہے کہ جموں کشمیر میں اکتوبر نومبر سنہ 2018 میں پنچایتی انتخابات کا انعقاد کیا گیا تھا۔ ان انتخابات میں منتخب پنچایتی ممبران کی مدت امسال دسمبر میں مکمل ہو رہی ہے۔ سیاسی گلیاروں میں یہ چہ میگوئیاں کی جا رہی ہیں کہ جموں کشمیر میں اسی برس اکتوبر نومبر میں پنچایتی و بلدیاتی انتخابات منعقد کئے جائیں گے۔