امت نیوز ڈیسک //
کولمبو: ایمرجنگ ایشیا کپ 2023 کے فائنل میچ انڈیا-اے نے ٹاس جیت کر گیندبازی کرنے کا فیصلہ کیا لیکن پاکستان پر دباؤ نہیں بنا سکا۔ فرحان اور ایوب شروع سے ہی اٹیکنگ موڈ میں بلے بازی کرتے رہے اور انہوں نے بھارتی گیند بازوں کو اپنی لے حاصل کرنے کا موقع نہیں دیا۔ ان دونوں بلے بازوں نے پہلے پاور پلے کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے پاکستان کو 10 اوور میں 69 رن تک پہنچا دیا۔
ایوب 16 رن بنا کر آؤٹ ہوگئے تھے، لیکن راج وردھن ہنگرگیکر کی نو بال نے انہیں نیا موقعہ دے دیا۔ اوپنر نے اس کا بھرپور فائدہ اٹھایا اور 51 گیندوں میں سات چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 59 رن کی اننگز کھیلی۔ فرحان 62 گیندوں پر چار چوکوں اور چار چھکوں کے ساتھ اچھی لے میں نظر آ رہے تھے لیکن ان کے رن آؤٹ ہونے سے پاکستان کی دوسری وکٹ بھی گر گئی۔ریان پراگ نے 28 ویں اوور میں عمیر یوسف (35) اور قاسم اکرم (0) کو آؤٹ کر کے تیز رفتار پاکستانی اننگز کو کچھ دیر کے لیے سست کر دیا، لیکن طاہر نے اپنی جارحانہ بلے بازی سے یہ کسر پوری کردی۔ طاہر نے صرف 71 گیندوں پر 108 رن کی سنچری اننگز کھیلی جس میں 12 چوکے اور چار چھکے شامل تھے۔
پاکستان اپنے آخری اسکور میں مزید 20 رن کا اضافہ کر سکتا تھا لیکن ہنگرگیکر نے آخری اوور میں طاہر اور مبشر خان (47 گیندوں پر 35 رن) کو آؤٹ کر دیا۔ ہرشیت رانا نے پاکستانی اننگز کے اختتام سے قبل مہران ممتاز (10 گیندوں، 13 رن) کو آؤٹ کیا، جس کے بعد محمد وسیم جونیئر (10 گیندوں، 17 ناٹ آؤٹ) نے ایک چوکا اور ایک چھکا لگا کر پاکستان کو 50 اوور میں 352/8 تک پہنچا دیا۔
رانا بھارت کے لیے سب سے مہنگے بولر رہے، جنہوں نے چھ اوور میں 51 رن دیکر ایک وکٹ حاصل کی۔ اس کے علاوہ ہینگرگیکر (چھ اوور، 48 رن) اور پراگ (چار اوور، 24 رن) نے دو دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ مناو سوتھر (نو اوور، 68 رن) اور نشانت سندھو (نو اوور، 48 رن) نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ (یو این آئی)