امت نیوز ڈیسک //
نئی دہلی: جہاں ایک طرف پاکستانی خاتون سیما حیدر ہندوستانی نوجوان کی محبت میں غیر قانونی طور پر سرحد پار کرکے ہندوستان پہنچ گئی وہیں دوسری جانب ایک ہندوستانی خاتون انجو پاکستانی نوجوان کی محبت میں پاکستان پہنچ گئی، فرق اتنا ہے کہ وہ قانونی طور پر پاکستان گئی ہے۔ اطلاعات ہیومن کہ انجو کی فیس بک پر پاکستانی نوجوان نصراللہ سے دوستی ہوئی اور دوستی محبت میں بدل گئی۔تازہ اطلاعات کے مطابق انجو نے پاکستان کی ایک عدالت میں نصراللہ سے شادی بھی کر لی ہے ان کی شادی کا سرٹیفکیٹ میڈیا پر وائرل ہورہا ہے۔
ذرائع کے مطابق 25 جولائی کو ان دونوں نے شادی کر لی۔ ان دونوں کی شادی سے قبل کی (پری ویڈنگ فوٹو شوٹ) کا ویڈیو بھی وائرل ہورہاہے۔ اس ویڈیو کو شوٹ کرنے کے لیے ڈرون کا بھی استعمال کیا گیا ہے۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ شادی سے قبل انجو نے اسلام قبول کیا اور اپنا نام فاطمہ رکھ لیا۔
پتہ چلا ہے کہ انجو پہلے سے ہی شادی شدہ ہے اور اس کے دو بچے بھی ہیں۔ انجو عیسائی مذہب سے تعلق رکھتی ہے اور اس نے پہلے کہا تھا کہ وہ اپنے فیس بک فرینڈ نصراللہ سے ملنے پاکستان پہنچی ہے۔ پھر شادی کی خبریں سامنے آرہی تھیں اور دونوں اس سے انکار کررہے تھے۔