امت نیوز ڈیسک //
ٹوئٹر: ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے مالک ٹیک ٹائیکون ایلون مسک نے میٹا کے چیف ایگزیکٹو مارک زکربرگ کے ساتھ ہونے والی کیج فائٹ کے مقام سے پردہ اُٹھا دیا۔
ایلون مسک کی جانب سے چند دن قبل ایک پوسٹ سامنے آئی جس میں انہوں نے مارک زکربرگ کے ساتھ ہونے والی جنگ کا اعلان کیا تھا لیکن دیگر تفصیلات کو صارفین سے خفیہ رکھا تھا۔
ان کا مزید یہ بھی کہنا تھا کہ فائٹ سے اکٹھی ہونے والی تمام رقم ریٹائرڈ فوجیوں کی فلاح و بہبود کے لیے خرچ کی جائے گی۔
بعد ازاں ایلون مسک کی جانب سے ایک ٹوئٹ کیا گیا ہے جس میں انہوں نے فائٹ کے بارے میں بتاتے ہوئے لکھا کہ‘اس فائٹ کا انتظام میری اور زکربرگ کی فاؤنڈیشن سنبھالیں گی (یو ایف سی نہیں)،جب کہ اسے ایکس اور میٹا پلیٹ فارم پر لائیو اسٹریم کیا جائے گا’۔
انہوں نے فائٹ کا مقام بھی بتایا جو اٹلی کے دارالحکومت روم کا تاریخی اکھاڑہ اور دنیا کے 7 جدید تعمیراتی عجائبات میں شامل کولوزیئم ہوگا۔
مسک کی جانب سے مزید یہ بھی بات سامنے آئی ہے کہ اس جنگ کے حوالے سے اٹلی کی وزیراعظم جارجیا میلونی اور وزیر ثقافت کو بھی واقف کروایا گیا ہے وہ اس کے لیے راضی ہو گئے ہیں۔