امت نیوز ڈیسک //
دلباغ سنگھ نے آج سرینگر میں ترنگا ریلی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ امسال جموں و کشمیر میں زیادہ تر انکاؤنٹر سرحدی علاقوں میں ہوئے جن میں بڑی تعداد میں داراندزوں کو ہلاک کیا گیا۔
دراندازی پر دلباغ سنگھ کا بیان
سرینگر: جموں کشمیر پولیس کے ڈائریکٹر جنرل دلباغ سنگھ نے کہا کہ یونین ٹریٹری کی سرحد پر اس سال دراندازی کی بیشتر کوششوں کو ناکام بنا دیا گیا۔ دلباغ سنگھ نے کہا کہ گذشتہ برسوں سے پونچھ اور راجوری اضلاع میں ایل او سی پر دراندازی کی کوششیں کی گئیں جن میں سے بیشتر ناکام بنا دی گئیں اور کئی درانداز ہلاک کیے گئے۔
دلباغ سنگھ نے کہا کہ امسال جموں کشمیر میں زیادہ تر انکاؤنٹر سرحدی علاقوں میں ہوئے جن میں بڑی تعداد میں داراندزوں کو ہلاک کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ بھی ایل او سی پر دراندازی کی ہر کوشش کو ناکام بنایا جائے گا۔ دلباغ سنگھ نے آج سرینگر میں ترنگا ریلی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے ان باتوں کا اظہار کیا۔ آج جموں کشمیر انتظامیہ نے "آزادی کا امرت مہوتسو” کے سلسلے میں سرینگر کے ڈل جھیل کے کنارے بلواڈ روڈ پر ترنگا ریلی کا انعقاد کیا گیا جس کی سربراہی جموں و کشمیر کے لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا کر رہے تھے۔
اس ریلی میں انتظامیہ کے افسران، پولیس، بی جے پی کارکنان، اور اسکولی بچے، اساتذہ اور تمام محکموں کے ملازمین و افسران نے حصہ لیا۔ یہ ریلی کشمیر کنونشن سنٹر سے بوٹینیکل گارڈن تک نکالی گئی۔ دلباغ سنگھ نے کہا کہ کشمیر میں عسکریت پسندوں کی تعداد کچھ زیادہ نہیں ہے اور نوجوانوں کا عسکریت پسندی کی طرف رجحان کم ہونے لگا ہے جس میں سیکورٹی فورسز اور والدین نے کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پر امن ماحول کے بیچ پاکستان سوشل میڈیا کے ذریعے یہاں نوجوانوں کو عسکریت پسندی اور پتھر بازی کی طرف ورغلانے کی کوشش کر رہا ہے لیکن وادی کے عوام بالخصوص نوجوان ان کوششیں کو ناکام بنا رہے ہیں۔