امت نیوز ڈیسک ///
نئی دہلی: اداکار اکشے کمار کو جن پر ان کی کینیڈین شہریت کے لیے اکثر تنقید ہوتی تھی، آج ملک کے 77 ویں یوم آزادی پر ہندوستانی شہریت عطا کردی گئی۔ اکشے کمار نے سابق ٹوئٹر ”ایکس“ پر رجسٹریشن دستاویز شیئر کرتے ہوئے کہا کہ ”دل اور شہریت دونوں ہندوستانی۔
یوم آزادی مبارک! جئے ہند۔“ اکشے کمار نے قبل ازیں کہا تھا کہ جب لوگ ملک کے لیے ان کی محبت کے بارے میں سوال کرتے ہیں تو انہیں بے حد مایوسی ہوتی ہے۔ کمار نے نیوز چینل آج تک کو انٹرویو میں کہا کہ ہندوستان میرے لیے سب کچھ ہے۔
میں نے جو کچھ کمایا او رحاصل کیا یہیں سے حاصل کیا۔ میں خوش قسمت ہوں کہ مجھے خدمت کا موقع ملا۔ جب لوگ بغیر کچھ جانے غلط باتیں کہتے ہیں تو آپ کو برا لگتا ہے۔
“ انہوں نے ہندوستانی شہریت کے لیے 2019ء میں درخواست دی تھی مگر کووڈ19عالمی وبا کی وجہ سے اس عمل میں تاخیر ہوئی۔ واضح رہے کہ وزیراعظم نریندر مودی کے ساتھ انٹرویو کے بعد کمار کی کینیڈین شہریت موضوع بحث بن گئی تھی۔
اس وقت انہوں نے کہا تھا کہ میں نے کبھی سوچا نہیں تھا کہ مجھے اس پاسپورٹ کو تبدیل کرانا چاہیے مگر اب ہاں میں نے اپنے پاسپورٹ کی تبدیلی کے لیے درخواست کی اور یہ ملتے ہی میں کینیڈا کی شہریت ترک کردوں گا۔“