امت نیوز ڈیسک //
جموں: یوم آزادی کے موقع پر جموں میں ہندوپاک بین الاقوامی سرحد پر بھی جشن منایا گیا جس دوران بی ایس ایف جوانوں اور پاک رینجرس نے آپس میں مٹھائیاں تقسیم کیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستانی رینجرس نے منگل کے روز بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف )کے ارکان کو مبارکباد پیش کی۔ دونوں افواج نے مٹھائیاں تقسیم کیں۔بی ایس ایف ارکان نے آج صبح سرحد پر ترنگا لہرایا۔
بی ایس ایف ذرائع نے بتایا کہ دونوں ملکوں کے فوجیوں نے مٹھائیاں تقسیم کی اور جموں میں بین الاقوامی سرحد پر ایک دوسرے کو مبارکباد دی۔
انہوں نے کہا کہ ملک کے 77 ویں یوم ِ آزادی پر ہند۔ پاک کی مختلف سرحدوں پر ترنگا لہرایا گیا اور قومی ترانہ پڑھا گیا جس کے بعد شہیدوں کو سلامی دی گئی۔
واضح رہے کہ یوم ِ آزادی اور یوم جمہوریہ کے علاوہ عید‘ ہولی اور دیوالی کے موقع پر بھی سرحدوں پر مٹھائیوں کے تبادلہ کی روایت ہے۔