امت نیوز ڈیسک //
کپواڑہ: شمالی کشمیر کے ضلع کپواڑہ کے راجوار ہندواڑہ میں آدم خور تیندوے نے کمسن بچی کو رہائشی مکان کے صحن سے اٹھاکر جنگل کی طرف لے گیا اور وہاں پر اس کی چیر پھاڑ کی۔ اطلاعات کے مطابق ہندواڑہ کے نچہ ہامہ راجوار میں اس وقت سنسنی کا ماحول پھیل گیا جب تیندوے نے رہائشی مکان کے صحن میں کھیل رہی ایک کمسن بچی جس کی شناخت سباحت جان دختر عبدالحد میر کے بطور ہوئی ہے کو اٹھا کر جنگل کی طرف لے گیا۔
معلوم ہوا ہے کہ بچی کی جانب سے شور مچانے کے ساتھ ہی اہل خانہ اور مقامی لوگ تیندوے کے پیچھے دوڑ پڑے اور بچی کو زخمی حالت میں ہسپتال لے جایا گیا تاہم وہاں پر تعینات ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔دریں اثنا مقامی لوگوں نے اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ آدم خور تیندے کو فوری طور پر ٹھکانے لگایا جائے۔ واضح رہے کہ آج اننت ناگ میں ریچھ کے الگ الگ حملوں میں ایک خاتون سمیت دو افراد زخمی ہوگئے ہے۔ زخمیوں کو علاج و معالجہ کے لیے ہسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔
بتادیں کہ وادی کشمیر میں جنگلی جانوروں کا انسانی بستیوں میں نمودار ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔دیہی علاقوں کے ساتھ ساتھ شہری علاقوں میں بھی جنگلی جانوروں کی نقل وحمل کے باعث لوگوں میں فکر وتشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ امسال جنگلی جانوروں کے حملے میں کئی افراد اپنی جانیں گواں بیٹھے ہیں، جب کہ کئی افراد کو ان جنگلی جانوروں نے شدید زخمی بھی کیا ہے۔








