امت نیوز ڈیسک //
جنوبی کشمیر کے مختلف علاقوں میں ریاستی تحقیقاتی ایجنسی کی جانب سے چھاپہ مار کاروائی کی جارہی ہے۔
جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیان میں ریاستی تحقیقاتی ایجنسی (ایس آئی اے) کی جانب سے کئی مقامات پر بدھ کی علیٰ صبح چھاپے مار کاروائیاں شروع کی گئی ہے جو ابھی جاری ہے۔ زرائع کے مطابق ریاستی تحقیقاتی ایجنسی نے پولیس و سی آر پی ایف اہلکاروں کے ہمراہ ضلع شوپیاں کے علیال پورہ اور زینہ پورہ علاقوں میں چھاپے مارے جو ابھی بھی جاری ہے۔
زرائع سے معلوم ہوا کہ یہ چھاپے رواں برس کے مارچ مہینہ میں ضلع پلوامہ کے اچھن علاقے میں ایک کشمیری پنڈت کی ہلاکت کے کیس کے حوالے سے ڈالے جارہے ہیں۔ تاہم اس حوالہ سے ابھی تک ریاستی تحقیقاتی ایجنسی کی جانب سے کوئی بھی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔ اور چھاپے کن کے گھروں پر مارے گئے اس حوالہ سے ابھی تک تفصیلات کا انتظار ہے۔
واضح رہے کہ ریاستی تحقیقاتی ایجنسی اور قومی تحقیقاتی ایجنسی کی جانب سے اس سے پہلے بھی جموں و کشمیر کے مختلف علاقوں بالخصوص جنوبی کشمیر کے مختلف اضلاع میں ٹیرر فنڈنگ اور دیگر معاملات کے ضمن میں چھاپہ مار کاروائیاں انجام دی گئیں اور اس دوران متعدد افراد کو گرفتار بھی کیا جاچکا ہے۔ جبکہ کئی افراد کی املاک کو منسلک بھی کیا گیا تھا۔ ریاستی تحقیقاتی ایجنسی اور قومی تحقیقاتی ایجنسی کی جانب سے یہ کاروائیاں جموں وکشمیر پولیس اور سی آر پی ایف اہلکاروں کے تعاون سے کی جاتی ہیں۔









