امت نیوز ڈیسک //
بارہمولہ:انکم ٹیکس ڈیپارٹمنٹ نے پیر کی صبح شمالی کشمیر کے سوپور قصبے میں ایک معروف تاجر کے گھر اور دکان پر چھاپہ مار کارروائی عمل میں لائی۔ ذرائع کے حوالہ سے معلوم ہوا ہے کہ پیر کی صبح محکمہ انکم ٹیکس کے اہلکاروں نے بارہمولہ پولیس کے ہمراہ سوپور کے جاوید احمد انعام کے رہائشی مکان پر چھاپہ مار کارروائی انجام دی۔ بتایا جا رہا ہے کہ جاوید ARCO بزنس گروپ کا مالک ہے۔
چھاپے کے دوران محکمہ انکم ٹیکس کے ہمراہ جموں کشمیر پولیس بھی موجود تھی اور علاقے میں تلاشی کارروائی بھی انجام دی جا رہی ہے۔ انکم ٹیکس ڈیپارٹمنٹ نے اس حوالہ سے تفصیلات شیئر نہیں کی تاہم انہوں نے کہا کہ آپریشن مکمل ہونے کے بعد اس حوالہ سے میڈیا بریفنگ انجام دی جائے گی۔ قابل ذکر ہے کہ جموں و کشمیر خاص کر وادی میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) اور این آئی اے کے بعد اب انکم ٹیکس کی جانب سے بھی چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں محکمہ انکم ٹیکس کی ٹیم نے سماج وادی پارٹی کے لیڈر ابو اعظمی کی جائیدادوں کی جانچ کے دوران لکھنؤ روانہ ہوئی تھی جنہوں نے ابو اعظمی کے قریبی ونائک گروپ کے دستاویز کی چھان بین کی۔ آئی ٹی ٹیم نے کمپنی کے بینک اکاؤنٹس کی بھی جانچ کی تھی، ذرائع کے حوالہ سے معلوم ہوا ہے کہ انکم ٹیکس کی یہ کارروائی 50 کروڑ روپے کے لین دین سے متعلق بتایا جا رہا ہے اور اس ضمن میں تفتیش جاری ہے”۔