امت نیوز ڈیسک //
سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) ساﺅتھ سری نگر کے ڈی آئی جی میتھیو اے جان کا کہنا ہے کہ سری نگر میں زمینی سطح پر صورتحال میں کافی مثبت بدلاﺅ آیا ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام کے مثبت اپروچ سے ہی ترقی اور تعلیم کی طرف پیش قدمی ممکن ہے۔
ڈی آئی جی نے ان باتوں کا اظہار ہفتے کے روز یہاں سی آر پی ایف کی طرف سے منعقدہ ایک مفت میڈیکل کیمپ کے حاشیئے پر نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا: ‘سری نگر میں صورتحال میں کافی مثبت بدلاﺅ آیا ہے جب عوام میں مثبت اپروچ ہوتا ہے تو ترقی اور تعلیم کی طرف پیش قدمی کی جاسکتی ہے’۔ان کا کہنا تھا کہ صورتحال میں کافی بہتری دیکھی جاسکتی ہے۔مفت میڈیکل کیمپ کے بارے میں بات کرتے ہوئے مسٹر جان نے کہا کہ ہم علاقے میں مزید 3 مفت میڈیکل کیمپ منعقد کرنے والے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہاں گورنمنٹ گرلز ہائی سکول چھانہ پورہ میں منعقدہ یہ کیمپ صبح ساڑھے نو بجے شروع ہوا۔ان کا کہنا تھا کہ اس کیمپ میں مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے قریب 3 سو مریضوں کو علاج کیا گیا۔
ڈی آئی جی نے کہا کہ علاقے کے لوگ ہماری اس پہل سے خوش ہیں اور اس کی سراہنا کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ ہم بھی سوسائٹی کا حصہ ہیں لوگوں کی مدد کرنا چاہتے ہیں۔(یو این آئی)