امت نیوز ڈیسک //
آسام: گولا گھاٹ ضلع میں ایک بس اور ٹرک میں تصادم کے نتیجے میں کم از کم 12 افراد ہلاک اور 25 زخمی ہوگئے ہیں۔ یہ حادثہ گولاگھاٹ کے ڈیرگاؤں کے قریب بالیجان علاقے میں صبح تقریباً 5 بجے پیش آیا۔
گولاگھاٹ کے ایس پی راجن سنگھ کے مطابق آسام کے گولاگھاٹ ضلع کے ڈیرگاؤں کے قریب پکنک پر جارہی ایک بس ٹرک سے ٹکرا گئی۔ حادثہ میں بچے سمیت بارہ افراد ہلاک ہو گئے۔ حادثہ کے فوری بعد زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا۔دو افراد اسپتال میں دم توڑ گئے۔ بس میں 45 افراد سوار تھے جو پکنک کے لیے تلنگا مندر گئے تھے۔ حادثے میں متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں کو جورہاٹ میڈیکل کالج لے جایا گیا ہے۔ متاثرین کی لاشوں کو فی الحال ڈیرگاؤں کے ہیلتھ سنٹر میں رکھا گیا ہے۔
واقعے کے بعد مقامی افراد نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ گولاگھاٹ ضلع کے ایس پی نے بتایا کہ اس حادثے میں اب تک 12 لوگوں کی موت ہو چکی ہے۔ راجن سنگھ نے کہا کہ ہماری تحقیقات جاری ہے۔ ہم قانون کے مطابق کارروائی کریں گے۔ فی الحال متوفی کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے۔ لیکن خیال کیا جا رہا ہے کہ تمام مرنے والے ایک ہی گاؤں یا علاقے کے رہائشی ہو سکتے ہیں۔









