امت نیوز ڈیسک //
لیفٹیننٹ جنرل دیویدیسرینگر: فوج کی شمالی کمان کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل اوپندرا دیویدی نے کہا کہ پونچھ اور راجوری میں ترقی ہو رہی تھی جو ہمارے پڑوسی ملک کو ہضم نہیں ہوئی۔ان کا ساتھ ہی کہنا تھا کہ ‘یہی وجہ ہے کہ انہوں نے اس علاقے میں ملیٹنسی کو بڑھاوا دیا’۔موصوف لیفٹیننٹ جنرل نے ان باتوں کا اظہار اتوار کو سرینگر میں نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ ‘گذشتہ کئی برسوں سے پونچھ – راجوری علاقے میں ترقی ہو رہی تھی یہاں سرمایہ کاری ہو رہی تھی اور لوگوں کو نوکریاں مل رہی تھی’۔
ان کا کہنا تھا کہ ‘یہ ترقی ہمارے پڑوسی ملک کو ہضم نہیں ہوئی اور انہوں نے یہاں ملیٹنسی کو بڑھاوا دیا، لیکن ہم اس کے خلاف سخت کا رروائی کر رہے ہیں اور اس کو جلد قابو میں کیا جائے گا’۔ دیویدی نے کہا کہ شمالی سرحدی علاقوں میں صورتحال استحکام ہے، لیکن یہ علاقہ حساس ہے۔ انہوں نے کہا کہ 7 فرکشن پوئنٹس( حساس پوئنٹس) میں سے 5 پوئنٹس کو آپسی بات چیت کے ساتھ حل کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ باقی پوئنٹس کے بارے میں بات چیت آگے بھی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ‘ہم نے سال 2023 کو زیرو دراندازی سال قرار دیا کیونکہ اس سال کے دوران لائن آف کنٹرول پر کوئی دراندازی نہیں ہوئی’۔
ان کا کہنا تھا کہ ‘ہم نے اس سال جتنے دہشت گرد مارے ان میں سے 21 مقامی جبکہ 55 غیر ملکی تھے جس سے یہ معلوم ہوتا ہے کہ ریکروٹمنٹ میں کمی واقع ہوئی ہے’۔لیفٹیننٹ جنرل نے کہا کہ سال 2022 میں 121 ریکروٹمنٹس ہوئی تھی، جبکہ اس سال صرف 19 ریکروٹمنٹس ہوئی ہیں۔ واضح رہے کہ کچھ روز قبل آرمی چیف جنرل منوج پانڈے نے چین کے ساتھ شمالی سرحد سے متعلق سوال پر کہا کہ وہاں صورتحال مستحکم ہے، لیکن یہ علاقہ حساس ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان مسائل کے حل کے لیے سفارتی اور عسکری سطح پر باقاعدہ مذاکرات ہورہے ہیں۔ علاقے میں بھارتی فوج کی آپریشنل تیاری بہت مضبوط ہے اور وہاں بڑی تعداد میں فوجی تعینات کیے گئے ہیں۔