امت نیوز ڈیسک //
وادی کشمیر سے تعلق رکھنے والا نوجوان سعودی عرب میں انتقال کر گیا ہے ۔جموں و کشمیر اسٹوڈنٹس ایسوسی ایشن نے وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر اور جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کو خط لکھ کر سعودی عرب میں انتقال کر جانے والے ایک کشمیری نوجوان کی لاش کی وطن واپسی میں سہولت فراہم کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ ایک بیان میں ایسوسی ایشن کے چیئرمین مشتاق حبیب نے کہا کہ مغل پورہ پلوامہ کے رہنے والے شاکر احمد وانی کا سعودی عرب میں دل کا دورہ پڑنے سے افسوسناک انتقال ہو گیا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ وانی ریاض میں عبداللہ البکر اور عبدالعزیز المیٹریک کمپنی میں ملازم تھے۔
وزارت خارجہ اور لیفٹیننٹ گورنر کی زیر قیادت انتظامیہ سے وطن واپسی کی سہولت فراہم کرنے پر زور دیتے ہوئے بیان میں کہا گیا ہے کہ خاندان کو ان کی لاشیں واپس لانے میں مدد کی ضرورت ہے۔ دریں اثنا، ایسوسی ایشن کے قومی ترجمان، عادل بھٹ نے کہا کہ ایسوسی ایشن نے جموں و کشمیر کے لیفٹننٹ گورنر منوج سنہا کے ساتھ متوفی کی باقیات کی جلد وطن واپسی کے لیے معاملہ اٹھایا ہے تاکہ سوگوار خاندان کو کچھ سکون ملے۔ انہوں نے امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ انہیں یقین دلایا گیا ہے کہ میت کو اگلے کچھ دنوں میں کسی بھی وقت واپس لایا جائے گا۔