امت نیوز ڈیسک //
سری نگر: ملک بھر کی طرح جموں وکشمیر میں بھی بدھ کے روز شری گرو گوبند سنگھ جی کا جنم دن مذہبی جو ش و خروش اور تزک و احتشام کے ساتھ منایا گیا۔وادی کشمیر کے شہر و دیہات میں بدھ کی صبح سخت سردی کے باوجود سکھ برادری کے لوگوں، جو نیا لباس زیب تن کئے ہوئے تھے، کا گردواروں اور دوسری مذہبی مقامات پر تانتا بندھ رہا۔اس سلسلے میں سری نگر میں سب سے بڑی تقریب کوہ ماراں کے دامن میں واقع سکھوں کے مشہور چھٹی پادشاہی گردوارہ میں منعقد ہوئی جہاں حضرت محبوب العالم شیخ حمزہ مخدومی(رح) کی زیارت گاہ اور شاریکا دیوی کا مندر نزدیک میں ہی واقع ہیں۔
یو این آئی کے نمائندے نے بتایا کہ بدھ کی صبح سے ہی سکھ عقیدت مندوں کی بڑی تعداد جن میں خواتین اور بچوں کی خاصی تعداد شامل تھی، چھٹی پادشاہی گردوارے میں حاضر ہو کر دعاﺅں میں حصہ لے رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ اس موقع پر وہاں مسلم بر ادری کے لوگ بھی موجود تھے اور وہ بھی اپنے سکھ بھائیوں کو مباربادی دے رہے تھے۔ان کا کہنا تھا کہ اس موقع پر سکھ عقیدت مندوں کے لئے خصوصی لنگر کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔ایک عقیدت مند نے یو این آئی کو بتایا: ‘یہ ایک عظیم الشان دن ہے اور ملک کے ساتھ ساتھ وادی بھر کے گرد واروں میں آج کے دن عقیدت مندوں کا تانتا بندھا رہتا ہے۔انہوں نے کہا: ‘یہاں آپسی بھائی چارہ ہمیشہ سے رہا ہے اور آج بھی اس کی مثال قائم رہی جب یہاں ہمارے مسلمان بھائی بھی آئے اور ہمیں مبارک باد پیش کی’۔
ان کا کہنا تھا: ‘ہم نے آج کے مقدس موقع پر آپسی بھائی چارے کے قائم ودائم رہنے اور وادی کی خوشحالی کے لئے دعا کی’۔چھٹی پادشاہی گردوارہ تقریب کی طرز پر بارہمولہ، ترال، جواہر نگر، بڈگام، صنعت نگر ، برزلہ اور وادی کے دوسری مقامات پر بھی تقاریب کا انعقاد عمل میں لیا گیا جن میں عقیدت مندوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔اطلاعات کے مطابق صوبہ جموں میں ضلعی گوردوارہ پربندھک کمیٹیوں کی جانب سے صوبہ جموں کے سبھی گوردواروں میں تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔اس سلسلے میں سب بڑی تقریب جموں کے بی بی چاند کور گوردوارہ میں منعقد ہوئی جس میں سینکڑوں کی تعداد میں عقیدت مندوں نے شرکت کی اور ملک میں امن و امان اور خوشحالی کے لئے دعائیں کیں۔دریں اثنا جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے اس موقع پر لوگوں کو مبارک باد پیش کی ہے۔انہوں نے کہا کہ گرو گوبند جی کی تعلیمات دنیا بھر کے لئے مشعل راہ ہیں۔
شری گرو گوبند جی سکھ مذہب کے دسویں گرو ہیں۔ وہ ایک شاعر اور فلسفی تھے اور انہیں سال 1675 میں نو برس کی عمر میں با ضابطہ طور پر سکھ مذہب کا گرو مقرر کیا گیا۔دریں اثنا انسپکٹر جنرل آف پولیس کشمیر رینج ودھی کمار بردی نے گردوارہ چھٹی پادشاہی سری نگر میں حاضری دی اوروہاں پر سکھ برادری سے تعلق رکھنے والے لوگوں کو مبارکباد پیش کی۔