امت نیوز ڈیسک //
بی جے پی کے جموں وکشمیر یونٹ کے صدر رویندر رینہ کا کہنا ہے کہ عوام کی بڑے پیمانے پر حمایت سے بی جے پی جموں وکشمیر میں ہونے والے لوک سبھا انتخابات میں کلین سویپ کرے گی۔انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر میں آج ہر طرف امن،خوشحالی اور بھائی چارے کا دور ہے۔موصوف صدر نے ان باتوں کا اظہار جمعہ کو یہاں ایک عوامی جلسے سے اپنے خطاب کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا: ‘جموں وکشمیر میں پتھر بازی ہوتی تھی ہڑتال کے کلینڈر جاری ہوتے تھے، گولیوں اور گرینیڈوں کا شور سنائی دیتا تھا وہ دور ختم ہوگیا لیکن آج یونین ٹریٹری میں ہر طرف امن، خوشحالی اور بھائی چارے کا دور ہے’۔ان کا کہنا تھا: ہر طرف خوشحالی ہے امن ہے اسی لئے بچہ بچی کہتا ہے کہ پھر ایک بار مودی سرکار’۔انہوں نے کہا کہ عوام کی حمایت سے بی جے پی لوک سبھا انتخابات میں کلین سویپ کرے گی۔
نیشنل کانفرنس، پی ڈی پی اور کانگریس کو ہدف تنقید بناتے ہوئے مسٹر رینہ نے کہا: ‘ان پارٹیوں نے گجر بکروال طبقے، او بی سی سے وابستہ لوگوں کا استحصال کیا’۔انہوں نے کہا کہ ان پارٹیوں کو چاہئے کہ وہ لوگوں سے معافی مانگیں۔ان کا کہنا تھا: ‘بی جے پی کا یہاں کبھی وزیر اعلیٰ نہیں رہا ہے لیکن اب بی جے پی کا ہی وزیر اعلیٰ بنے گا’۔