امت نیوز ڈیسک //
پلوامہ (جموں کشمیر) :پی ڈی پی سرپرست اور جموں و کشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے پارٹی کے یوتھ لیڈر وحید الرحمن پرہ کے گھر جاکر ان کے والد کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا۔ پی ڈی پی لیڈر وحید الرحمان پرہ کے والد غلام احمد پرہ کا دو روز قبل انتقال ہوا تھا جس پر سیاسی، سماجی، دینی اور ادبی تنظیموں نے پرہ خاندان کے ساتھ تعذیت کا اظہار کیا تھا۔
غلام احمد پرہ کے انتقال کے بعد کئی سیاسی، سماجی جماعتوں کے لیڈران نے پرہ کے گھر جاکر لواحقین کے ساتھ اظہار تعزیت کیا۔ پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی نے بھی نائرہ، پلوامہ جاکر پرہ سے ملاقات کی اور گہرے رنج وغم کا اظہار کیا۔ محبوبہ نے وحید پرہ کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے ’’لواحقین کو یہ صدمہ جانکاہ برداشت کرنے کے لیے دعا اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔‘‘
یاد رہے کہ پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کے یوتھ لیڈر وحید الرحمن پرہ کے والد غلام احمد پرہ کا دو روز قبل دوران شب انتقال ہوا۔ انہوں نے اپنے آبائی گاؤں نائرہ، پلوامہ میں آخری سانس لی۔ وحید کے والد کینسر کے عارضہ میں مبتلا تھے اور گزشتہ ایک برس کے دوران ان کا دہلی سمیت ممبئی کے ٹاٹا انسٹی ٹیوٹ اسپتالوں میں علاج و معالجہ کیا گیا۔ پرہ طویل عرصہ سے زیر بستر تھے۔ قابل ذکر ہے کہ دوران علالت وحید پرہ کو این آئی اے کی جانب سے اجازت نامہ نہ دئے جانے کے باعث وہ دوران علاج اپنے علیل والد کے ہمراہ دہلی اور ممبئی کا سفر نہ کر سکے.