امت نیوز ڈیسک //
ڈیرا سچا سودا کے سربراہ گرمیت رام رحیم کو ایک بار پھر پیرول مل گئی
چنڈی گڑھ: ڈیرا سچا سودا کے سربراہ گرمیت رام رحیم کو ایک بار پھر پیرول مل گئی ہے۔ ہریانہ حکومت نے اس بار رام رحیم کی 50 دن کی پیرول منظور کی ہے اور وہ آج یا کل جیل سے باہر آ سکتا ہے۔ گرمیت رام رحیم اس وقت روہتک کی سناریا جیل میں قید ہے اور 20 سال سزا کاٹ کاٹ رہا ہے۔رپورٹ کے مطابق رام رحیم کی پیرول آٹھویں بار منظور کی گئی ہے۔ اس سے قبل وہ نومبر میں جیل سے باہر آیا تھا۔ شرومنی گوردوارہ مینجمنٹ کمیٹی (ایس جی پی سی) نے پنجاب و ہریانہ ہائی کورٹ میں گرمیت رام رحیم کو بار بار پیرول دیے جانے کو لے کر عرضی دائر کی تھی۔فروری 2023 میں دائر ایس جی پی سی کی درخواست کے مطابق، اسی مہینے میں رام رحیم کی پیرول کے لیے منظور کیے گئے ڈویژنل کمشنر کے حکم کا جائزہ لینے سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ اسے ایک ایسے معاملے میں عارضی رہائی دی گئی، جس میں اسے سزا سنائی جا چکی ہے، جس کے بارے میں کوئی حوالہ نہیں دیا گیا۔ رام رحیم کو قتل کے دو الگ الگ مقدمات میں مجرم قرار دیا گیا تھا، جس کے لیے اسے 17 جنوری 2019 اور 18 اکتوبر 2021 کو عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی۔
خیال رہے کہ رام رحیم سرسہ میں اپنے آشرم کے اندر دو خواتین پیروکاروں کی آبروریزی کے جرم میں 20 سال قید کی سزا کاٹ رہا ہے۔ رام رحیم کو پنچکولہ کی خصوصی سی بی آئی کی عدالت نے اگست 2017 میں قصوروار ٹھہرایا تھا۔ اس کے علاوہ عدالت نے ڈیرا کے سابق منیجر رنجیت سنگھ کے قتل کے معاملے میں بھی گرمیت رام رحیم کو عمر قید کی سزا سنائی تھی۔دراصل، سزا پوری کرنے سے پہلے مجرم کو کچھ دنوں کے لیے پیرول پر جیل سے رہا کیا جاتا ہے، جس کے لیے حسن سلوک بھی شرط ہے۔ اس کے لیے قیدی کو جیل سے باہر آنے کے لیے ضروری وجوہات بتانی پڑتی ہیں اور متعلقہ ریاست کی حکومت اسے پیرول دینے کا حتمی فیصلہ کرتی ہے.