امت نیوز ڈیسک //
جموں: جموں وکشمیر کے ضلع پونچھ میں سکیورٹی فورسز نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے نزدیک ایک گاؤں میں 2.7 کلو گرام منشیات برآمد کیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ فوج اور پولیس کی ایک مشترکہ ٹیم نے تلاشی آپریشن کے دوران گذشتہ شام پونچھ میں ایل او سی کے نزدیک سوکر – بگیلادار گاؤں میں 2.7 کلو منشیات برآمد کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ منشیات 2 پاکٹوں میں رکھا گیا تھا۔ پولیس نے اس سلسلے میں کیس درج کیا ہے، تاہم اس حوالے سے کسی کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی۔
بتایا جارہا ہے کہ منشیات کی یہ کھیپ سرحد پار سے اسمگلروں نے ایل او سی کے اس طرف ڈالی تھی اور وہ یہاں منشیات فروشوں کے رابطے میں تھے۔ حکام نے بتایا کہ ایل او سی کے اس طرف ان اسمگلروں کا پتہ لگانے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز جموں و کشمیر ڈی جی پی آر آر سوین نے بارہمولہ میں میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ منشیات کا کاروبار کرنے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جارہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ کہ ایسے عناصر کو سماج سے الگ تھلگ کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے بتایا کہ منشیات کا کاروبار کرنے والے یا عسکریت پسندی کو فروغ دینے والوں کے بارے میں پتہ دینے والوں کو انعام سے بھی نوازا جارہا ہے، تاکہ اس ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینک دیا جاسکے۔