امت نیوز ڈیسک //
پلوامہ (جموں کشمیر) : اپنی نوعیت کے ایک منفرد واقعے میں جنوبی کشمیر کے ترال علاقے میں ایک بینک منیجر نے مبینہ طور جعلی دستخط کر کے بینک کے ایک صارف (اکاؤنٹ ہولڈرز) کی رقم نکال کر فرار ہو گیا ہے۔ پولیس نے معاملے کی نسبت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کر دی ہے۔ یہ واقعہ علاقائی دیہاتی بینک، ترال کی لرگام شاخ میں پیش آیا جسے کئی برس قبل بس اسٹینڈ ترال منتقل کیا گیا تھا۔
علاقائی دیہاتی بینک میں اس بڑے دھوکہ دیہی کی خبر سامنے آئی ہے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق بینک کا برانچ منیجر، جس کی شناخت معراج عالم ولد محمد نذیر ساکنہ بہار کے طور پر کی گئی ہے، نے جعلی دستخط کرکے اکاؤنٹ ہولڈروں سے 33 لاکھ کی رقم نکال کر بینک صارفین کو خون کے آنسو رونے پر مجبور کر دیا ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ بینک حکام کے ساتھ ساتھ دیگر صارفین بھی رابطے کی کوششوں میں ہے لیکن منیجر رفو چکر ہوگیا ہے۔
ادھر، ترال پولیس نے معاملے کی نسبت ایف آئی آر زیر نمبر 13/2024قانون کی مختلف دفعات کے تحت درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی ہے۔ ایس ایس پی اونتی پورہ، اعجاز زرگر نے ای ٹی وی بھارت کے نمائندے کو فون پر بتایا کہ معاملے کی نسبت پہلے ہی کیس درج کر لیا گیا ہے اور پولیس نے بینک منیجر کو دھر پکڑنے کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دی ہے۔