امت نیوز ڈیسک //
گلمرگ : ’’کھیلو انڈیا ونٹر گیمز‘‘ کے چوتھے شمارے کا آغاز آج کشمیر کے معروف سیاحتی مقام اور اسکینگ ریزارڈ گلمرگ میں ’’نورڈک اسکینگ‘‘ سے ہوا۔ اس کھیل میں ملک بھر سے آئے کھلاڑیوں نے شرکت کی، جہاں خواتین نے ڈیڑھ کلومیٹر ریس میں حصہ لیا وہیں مردوں نے 10 کلومیٹر لمبی ریس میں طبی آزمائی کی۔
زنانہ نورڈک اسکینگ میں اس مرتبہ پھر ریاست کرناٹک سے تعلق رکھنے والی بھوانی نامی کھلاڑی نے بازی ماری۔ وہیں ریاست اتراکھنڈ کی رہنے والے سیما سورانگ اور سپنا نے بالترتیب دوسرا اور تیسرا مقام حاصل کیا۔ بھوانی نے ریس 5.23 منٹس میں پوری کی وہیں سیما نے 5.35 اور سپنا نے 5.48 منٹ میں ریس مکمل کی۔
واضح رہے کہ آج سے گلمرگ میں ونٹر گیمز کے چوتھے ایڈیشن کا آغاز ہوا جو پیر تک جاری رہے گا۔ ان کھیلوں میں ملک بھر سے آئے 600سے زائد ایتھلیٹ مختلف کھیل مقابلوں میں شرکت کر رہے ہیں۔ فروری کے پہلے ماہ برفباری نہ ہونے کے سبب ونٹر گیمز کو موخر کیا گیا تھا۔









