امت نیوز ڈیسک //
سرینگر (جموں کشمیر) : نیشنل کانفرنس کے نائب صدر اور جموں کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمانی انتخابات کے تئیں کانگریس کے ساتھ تین سیٹوں پر سیٹ شیئرنگ پر گفتگو جاری ہے اور آنے والی میٹنگ میں دونوں جماعتیں حتمی فیصلہ لیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ان کی کانگرس قیادت کے ساتھ دلی میں سیٹ شیئرنگ معاملے پر ایک ملاقات ہوئی ہے جس میں کانگریس نے کچھ تجاویز رکھی تھیں اور جب نیشنل کانفرنس نے ان تجاویز پر گفتگو کی تو بیشتر لیڈران نے ان تجاویز کو مسترد کر دیا۔ تاہم اب کانگریس قیادت کے ساتھ دوسری اور آخری میٹنگ میں سیٹ شیئرنگ پر حتمی فیصلہ ہوگا۔
عمر عبد اللہ نے مزید کہا کہ جموں کشمیر اور لداخ میں چھ پارلیمانی سیٹوں میں سے تین پہلے ہی نیشنل کانفرنس کے پاس ہیں اور ان پر سیٹوں پر شیئرنگ کے حوالہ سے کوئی گفتگو نہیں ہوگی۔ یہ تین سیٹیں سرینگر، بارہمولہ اور اننت ناگ ہیں جو نیشنل کانفرنس نے سنہ 2019 کے پارلیمانی انتخابات میں جیتی تھیں۔ عمر عبداللہ نے مزید کہا کہ جموں، ادھمپور-ڈوڈہ اور لداخ کی نشست پر اب کانگریس کے ساتھ دوسری اور آخری میٹنگ ہوگی جس میں مفاہمتی فیصلہ لیا جائے گا۔
یاد رہے کہ نیشنل کانفرنس، کانگریس اور پیپلز ڈیموکرٹیک پارٹی (پی ڈی پی) ’انڈیا الائنس‘ کے شرکاء ہیں۔ لیکن نیشنل کانفرنس، پی ڈی پی کے ساتھ الائنس کرنے میں رضامندی نہیں دکھا رہی ہے۔ عمر عبداللہ نے گزشتہ دنوں کہا تھا کہ اگر کانگریس اور پی ڈی پی آپس میں (سیٹ شیئرینگ پر) بات کریں گے تو انکو کوئی اعتراض نہیں ہوگا۔
غور طلب ہے کہ جموں کشمیر پیپلز کانفرنس نے پیر کو اعلان کیا کہ پارٹی کے صدر سجاد لون بارہمولہ – کپوارہ نشست سے انتخابات لڑیں گے۔ نیشنل کانفرنس، پی ڈی پی اور کانگریس نے ابھی تک امیدواروں کا اعلان نہیں کیا ہے۔ وہیں بی جے پی نے بھی ابھی کوئی فہرست جاری نہیں کی ہے۔