امت نیوز ڈیسک //
سری نگر: بھارتیہ جنتاپارٹی کی خاتون لیڈر اور وقف چیئرپرسن ڈاکٹر درخشاں اندرابی نے اتوار کے روز کہاکہ وزیر اعظم نریندر مودی کے دورہ کشمیر کے پیش نظر تمام تیاریوں کو حتمی شکل دی گئی ہے انہوں نے کہاکہ آنے والے پارلیمانی انتخابات میں بی جے پی کی جیت یقینی ہے ان باتوں کا اظہار ڈاکٹر درخشاں اندرابی نے اننت ناگ میں کارکنوں کے ساتھ میٹنگ کے بعد نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کے دورہ کشمیر کے حوالے سے یہاں نہ صرف پارٹی کارکنوں بلکہ عام لوگوں میں بھی بہت ہی جوش وخروش دیکھا جا رہا ہے۔ ان نے کے مطابق وزیر اعظم کی ریلی میں بڑی تعداد میں لوگوں کی شرکت متوقع ہے۔
پارلیمانی چناو کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں ڈاکٹر درخشاں اندرابی نے کہاکہ اس بار بی جے پی جموں وکشمیر کی سبھی پانچ نشستوں پر کامیابیوں کے جھنڈے گارڈ دے گی۔انہوں نے کہاکہ جموں اور کشمیر دونوں خطوں میں بھاجپا کے کارکن الیکشن میں جیت حاصل کرنے کی خاطر کام کر رہے ہیں۔ سری نگر پارلیمانی نشست سے ڈاکٹر درخشاں اندرابی کو میدان میں اتارنے کے بارے میں پوچھے گئے ایک اور سوال کے جواب میں موصوفہ نے کہاکہ اس کا فیصلہ تو بھاجپا پارلیمنٹری بورڈ ہی لے سکتا ہے۔
بتادیں کہ وزیر اعظم نریندر مودی 7 مارچ کو کشمیر کا دورہ کر رہے ہیں جس دوران وہ یہاں بخشی اسٹیڈیم میں ایک عوامی ریلی س خطاب کریں گے۔قابل ذکر ہے کہ یہ ایک مہینے سے بھی کم وقت میں وزیر اعظم کا دوسرا دورہ جموں وکشمیر ہوگا۔20 فروری کو انہوں نے دورہ جموں کے دوران مولانا آزاد اسٹیڈیم میں ایک بھاری عوامی ریلی سے خطاب کیا تھا اور 32 ہزار کروڑ روپیوں کے مالیت کے پروجیکٹوں کا افتتاح کیا تھا۔