امت نیوز ڈیسک //
بڈگام (جموں کشمیر) : جموں کشمیر پولیس نے وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام میں منشیات کے خلاف جنگ جاری رکھتے ہوئے ایک منشیات فروش کو گرفتار کرنے اور اس کے قبضہ سے ممنوعہ مادہ بر آمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ بڈگام پولیس کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی پولیس اسٹیشن بیروہ کی ٹیم نے سودی پورہ میں قائم کیے گئے ناکہ چیکنگ کے دوران انجام دی۔
بڈگام پولیس کا کہنا ہے ایک آٹو رکشا لوڈ کیرئیر زیر رجسٹریشن نمبر:JK013-6836 جو سناپاہ سے کنڈورہ کی طرف جا رہا تھا، کو پولیس نے روک کر اس کی تلاشی لی۔ پولیس کے مطابق تلاشی کے دوران ڈرائیور کے قبضے سے تقریباً 534 گرام وزنی چرس جیسا مادہ اور مکئی کے بھوسے میں لپٹے ہوئے چرس کے چھ گولے بھی برآمد کیے گئے جن کا وزن 115 گرام بتایا جا رہا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ حراست میں لیے گئے ڈرائیور نے اپنی شناخت گلزار احمد شیخ ولد حبیب اللہ کے نام سے ظاہر کی ہے جو جنوبی کشمیر کے سمبورہ، پلوامہ کا رہائشی ہے۔
پولیس نے ڈرائیور کو موقع پر ہی گرفتار کر لیا اور اس جرم میں استعمال ہونے والی گاڑی بھی ضبط کر لی گئی ہے۔ پولیس اسٹیشن بیروہ میں اس ضمن میں ایک مقدمہ زیر ایف آئی نمبر 20/2024 این ڈی پی ایس ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت درج کرکے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ واضح رہے کہ بڈگام پولیس نے رواں برس اب تک دس منشیات فروشوں کو گرفتار کر کے سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا ہے اور اس کے علاوہ چوروں، قمار بازوں، لکڑی سمگلروں اور معدنیات کی غیرقانونی کان کنی کرنے والوں کو بھی گرفتار کر کے حراست میں لیا گیا ہے۔