امت نیوز ڈیسک //
سرینگر: ایک دلچسپ پیش رفت میں مرحوم علیٰحدگی پسند رہنما سید علی گیلانی کی پوتی رووا شاہ اور محروس علیحدگی پسند رہنما شبیر احمد شاہ کی بڑی بیٹی سما شبیر نے حکومتِ ہند کی خودمختاری کے ساتھ اپنی وفاداری کا عہد کیا ہے۔
جمعرات کو مقامی روزناموں میں شائع ہونے والے ایک جیسے عوامی نوٹس کے ذریعے اعلان کیا گیا ہے کہ رووا اور سما "بھارت کے وفادار شہری” ہیں۔گیلانی کے داماد الطاف احمد شاہ کی بیٹی رووا شاہ نے عوامی نوٹس میں کہا کہ "میں بھارت کی ایک وفادار شہری ہوں، کسی ایسی تنظیم یا ایسوسی ایشن سے وابستہ نہیں ہوں جس کا یونین آف انڈیا کے خلاف کوئی ایجنڈا ہو اور میں اپنے ملک کے آئین کے ساتھ وفاداری کی مقروض ہوں۔”
دلچسپ بات یہ ہے کہ رووا کے والد بھی مبینہ طور پر عسکریت پسندوں کی فنڈنگ کے الزام میں جیل میں تھے اور طویل علالت کے بعد گزشتہ سال انتقال کر گئے تھے۔
اسی طرح کے ایک دوسرے عوامی نوٹس میں، شبیر شاہ کی 24 سالہ بیٹی سما نے کہا کہ "میں بھارت کی ایک وفادار شہری ہوں اور میں کسی ایسے شخص یا تنظیم سے وابستہ نہیں ہوں جو یونین آف انڈیا کی خودمختاری کے خلاف ہو۔”
انہوں نے انتباہ کرتے ہوئے کہا کہ” کسی بھی شخص کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی جو انہیں اجازت کے بغیر کسی علیٰحدگی پسند گروپ سے جوڑے گا، سما نے کہا، "میں کسی بھی طرح سے ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی (دی ایف پی) یا اس کے نظریے سے وابستہ نہیں ہوں۔”
سما کے والد شبیر شاہ کو 2017 میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے عسکریت پسندوں کی مالی معاونت سے منسلک منی لانڈرنگ کی مبینہ سرگرمیوں پر گرفتار کیا تھا۔ اس کے بعد نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی نے ان پر دہشت گردی کی مالی معاونت کا الزام بھی عائد کیا۔