امت نیوز ڈیسک //
نئی دہلی: الیکشن کمیشن نے انتخابی بانڈز کی تفصیلات کو عام کرنے سے متعلق سپریم کورٹ کے حکم کی تعمیل کرتے ہوئے جمعرات کی شام اسٹیٹ بینک آف انڈیا (ایس بی آئی) سے حاصل کردہ مکمل تفصیلات کو اپنی ویب سائٹ پر جاری کیا۔
کمیشن کی ویب سائٹ پر پوسٹ کی گئی تفصیلات 542 صفحات پر مشتمل ہیں، جس میں مختلف جماعتوں کے ذریعے کیش کئے گئے بانڈز کے 20421 اندراجات ہیں۔ اس کے ساتھ ہی بینک نے 386 صفحات کی ایک فہرست جاری کی ہے جس میں بانڈ خریدنے والی کمپنیوں کے نام اور ان کے ذریعہ خریدے گئے بانڈ کے نمبر ، تاریخ اور رقم پر ادائیگی کی تفصیلات ہیں۔
بانڈز کوکیش کرنے والی بڑی پارٹیوں میں بھارتیہ جنتا پارٹی، کانگریس، ترنمول کانگریس، بھارت راشٹرا سمیتی، وائی ایس آر کانگریس پارٹی، نیشنلسٹ کانگریس پارٹی، بیجو جنتا دل، دراوڑ منترکژگم، اے آئی اے ڈی ایم کے، جنتا دل (سیکولر)، راشٹریہ جنتا دل، سماج وادی پارٹی، شرومنی اکالی دل، شیو سینا، عام آدمی پارٹی، جھارکھنڈ مکتی مورچہ، گوا فارورڈ پارٹی، مہاراشٹر گمانتک پارٹی، سکم کرانتی کاری مورچہ، تیلگو دیشم پارٹی، جنتا دل (متحدہ)، جنا سینا پارٹی، سکم ڈیموکریٹک فرنٹ شامل ہیں۔
ان کمپنیوں اور افراد کے نام بھی ہیں جنہوں نے بانڈز خریدے۔ فیوچر گیمنگ اور ہوٹلسروسز، پرکاش ڈسٹلری، ٹی پی کے پارٹنرز، قیصر لیکر، رانیساتی مرکنٹائل، بھارت بائیوٹیک انٹرنیشنل، امر سیکیورٹیز، پلوٹو فنانس، ہلدیہ انرجی، آشیش فنانس، نیرو ماروٹی کسم ماروٹی پریتی ماروٹی، کلپترو انوویشن، اتکل ایلومینیم،ویسٹرن یوپی پاور ٹرانسمیشن کمپنی، ڈاکٹر ریڈی لیب، سفل گوئل ریئلٹی، جندال اسٹیل اینڈ پاور، بھارتی ایرٹیل، ابھیناش مودی، نامک پوری وغیرہ شامل ہیں۔ (یو این آئی)