امت نیوز ڈیسک //
سرینگر: جموں وکشمیر نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے منگل کے روز کہا کہ این سی کو کمزور کرکے یہاں کے عوام کی آواز کو بے وزن کرنا دہلی کا ون پوائنٹ ایجنڈا رہا ہے۔ اطلاعات کے مطابق نیشنل کانفرنس کی مجلس عاملہ کا ایک غیر معمولی اجلاس پارٹی ہیڈکواٹر نوائے صبح میں منعقد ہوا، جس میں سینئر لیڈران نے شرکت کی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نائب صدر عمر عبداللہ نے پارٹی سے وابستہ تمام افراد پر زور دیا کہ وہ پارٹی کی مضبوطی کیلئے کام کریں اور ہر حال میں عوام کے ساتھ قریبی رابطہ رکھیں۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت ہمیں ایک سخت امتحان کا سامنا ہے اور اس چیلنج میں کامیاب ہونے کیلئے ہمیں مل جل کر اور کندھے سے کندھا ملا کر کام کرنا ہوگا۔ 1977کی طرح کشمیر دشمن عناصر ایک جُٹ ہوگئے ہیں ، اللہ کے فضل و کرم اور عوامی اشتراک سے نیشنل کانفرنس ان عناصر کو ویسے ہی شکست سے دوچار کریگی جس طرح سے 1977میں کیا تھا۔
عمر عبداللہ نے کہا کہ نیشنل کانفرنس کو کمزور کرکے یہاں کے عوام کی آواز کو بے وزن کرنا دلی کا ون پوائٹ ایجنڈا رہا ہے، تاہم عوام کی بے پناہ محبت اور اشتراک سے اس جماعت نے ہر ایک سازش کو ناکام بنا دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی کی مضبوطی کا راز عوامی تعاون اور اشتراک میں مضمر ہے، یہی وجہ ہے کہ نیشنل کانفرنس نے ہمیشہ عوام کو ہی طاقت کا سرچشمہ مانا ہے اور آج بھی اسی اصول پر قائم و دائم ہے۔ این سی نائب صدر نے کہا کہ پارٹی کی مضبوطی کی صورت میں ہی ہم عوام کی خدمت کرنے کے علاوہ تینوں خطوں کے مفادات، احساسات اور جذبات کی ترجمانی کرسکتے ہیں۔
(یو این آئی)