امت نیوز ڈیسک //
نئی دہلی : دہلی شراب گھوٹالہ معاملے میں ای ڈی نے ایک بار پھر وزیراعلی اروند کیجریوال کو جمعرات کو دہلی کی راؤز ایونیو کورٹ میں پیش کیا اور دوبارہ ان کے ریمانڈ کی مانگ کی، جس پر عدالت نے کیجریوال کو یکم اپریل تک ای ڈی ریمانڈ پر بھیج دیا۔ حالانکہ جب سماعت کے دوران ای ڈی نے ریمانڈ کا مطالبہ کیا تھا تو کیجریوال نے اس کی مخالفت کی تھی اور کہا تھا کہ ای ڈی عام آدمی پارٹی کو تباہ کرنا چاہتی ہے۔ اب کیجریوال مزید 4 دنوں تک ای ڈی ریمانڈ میں رہیں گے۔
ای ڈی کے وکیل ایس وی راجو نے عدالت میں کہا کہ اروند کیجریوال کے بیانات ریکارڈ کر لیے گئے ہیں، وہ مبہم جواب دے رہے ہیں۔ ان کا دیگر ملزمان سے آمنا سامنا کرانا ہے۔ اس کے علاوہ کیجریوال الیکٹرانک آلات کے پاس ورڈ بھی نہیں بتا رہے ہیں۔ وہ کہہ رہے ہیں کہ وکلاء سے بات کرنے کے بعد دیں گے۔ اس کے بعد اروند کیجریوال نے عدالت سے کہا کہ وہ کچھ کہنا چاہتے ہیں اور اس کے لئے عدالت سے اجازت مانگی ہے۔ عدالت نے کہا کہ آپ اسے تحریری طور پر دیں تو کیجریوال نے کہا کہ مجھے بولنے دیں۔
کیجریوال نے عدالت میں کہا کہ کسی عدالت نے مجھے قصوروار نہیں ٹھہرایا۔ ای ڈی اور سی بی آئی نے ہزاروں صفحات کی رپورٹ داخل کی ہے۔ میں ED کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔ یہ کیس دو سال سے چل رہا ہے۔ سبھی کاغذات کو پڑھیں گے تو پوچھیں گے آخر مجھے کیوں گرفتار کیا گیا؟ کیجریوال نے سوال کیا کہ کیا وزیر اعلیٰ کو گرفتار کرنے کی یہ مناسب بنیاد ہے؟ اروند کیجریوال نے کہا کہ ایک بیان راگنٹا کا ہے۔ وہ میرے پاس زمین مانگنے آیا تھا، میں نے بتایا کہ زمین ایل جی کے اختیار میں آتی ہے۔