امت نیوز ڈیسک //
نئی دہلی: صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے آج سابق وزیر اعظم چودھری چرن سنگھ، پی وی نرسمہا راؤ، زرعی سائنسدان ڈاکٹر ایم ایس سوامی ناتھن اور بہار کے سابق وزیر اعلیٰ کرپوری ٹھاکر کو بھارت رتن سے نوازا۔ اس کا اعلان پہلے ہی ہو چکا تھا۔ بہار کے سابق وزیر اعلی کرپوری ٹھاکر کے اہل خانہ نے خوشی کا اظہار کیا اور وزیر اعظم نریندر مودی کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے انہیں ملک کے سب سے بڑے شہری اعزاز بھارت رتن (مرنے کے بعد) سے نوازا۔
صدر دروپدی مرمو نے سنیچر کو کرپوری ٹھاکر کو بھارت رتن سے نوازا۔ بہار کے سابق وزیر اعلی کا خاندان صدر مرمو کے ذریعہ دیا گیا ایوارڈ لینے دہلی پہنچ گیا۔ بہار کے وزیر مہیشور ہزاری بھی کرپوری ٹھاکر کے خاندان کے ساتھ موجود ہیں۔ کرپوری ٹھاکر کے بیٹے اور جے ڈی یو لیڈر رام ناتھ ٹھاکر نے نیوز ایجنسی سے بات کرتے ہوئے کہا، ‘بہار اور ملک کے لوگ آج اتنے ہی خوش ہیں جتنا میں ہوں۔
راؤ، سنگھ، ٹھاکر اور سوامی ناتھن کے ایوارڈز ان کے رشتہ داروں نے قبول کیے۔ سابق وزیر اعظم نرسمہا راؤ کے بیٹے پی وی پربھاکر راؤ نے صدر جمہوریہ سے اپنے والد کو دیا گیا ایوارڈ وصول کیا۔
چودھری چرن سنگھ کے پوتے اور راشٹریہ لوک دل (آر ایل ڈی) کے صدر جینت چودھری نے صدر جمہوریہ دروپدی مرمو سے یہ اعزاز قبول کیا۔
سوامی ناتھن کی بیٹی نتیا راؤ اور کرپوری ٹھاکر کے بیٹے رام ناتھ ٹھاکر نے صدر جمہوریہ سے ایوارڈ حاصل کیا۔ تقریب میں نائب صدر جمہوریہ جگدیپ دھنکھر، وزیر اعظم نریندر مودی، کانگریس کے قومی صدر ملیکارجن کھرگے اور دیگر معززین موجود تھے۔
مرکزی حکومت نے اس سال ملک کے اعلیٰ ترین شہری اعزاز بھارت رتن کے لیے پانچ ناموں کا اعلان کیا تھا۔ پی ایم مودی نے اعلان کیا تھا کہ سابق وزرائے اعظم چودھری چرن سنگھ اور پی وی نرسمہا راؤ کو بھارت رتن سے نوازا جائے گا۔
ان کے ساتھ بابائے سبز سبز انقلاب کہلائے جانے والے ایم ایس سوامی ناتھن کو بھی ملک کے اعلیٰ ترین شہری اعزاز سے نوازا گیا۔ حکومت نے یہ اعزاز بی جے پی کے سینئر لیڈر لال کرشن اڈوانی کو بھی دیا۔ اس سال کل پانچ لوگوں کو بھارت رتن سے نوازا گیا ہے، جو 1999 کے بعد سب سے زیادہ تعداد ہے، اس سے قبل چار لوگوں کو ایک ساتھ بھارت رتن نوازہ جا چکا ہے۔