امت نیوز ڈیسک //
سرینگر: ماسٹر بلاسٹر سچن سچن ٹنڈولکر نے کشمیر کے سوپور علاقہ کی کمسن لڑکی کا کرکٹ کھیلتے ہوئے وائرل ویڈیو پوسٹ کیا ہے۔ انہوں نے پوسٹ میں کپشن لکھا، "کمسن لڑکیوں کو کرکٹ کھیلتے ہوئے دیکھنا ہمیشہ اچھا ہے۔ اس طرح کا ویڈیوز دیکھ کر میرے چہرے پر مسکراہٹ آجاتی ہے۔”
واضح رہے آن لائن پورٹل "کپوارہ ٹائمز” کے ذریعہ شیئر کردہ اس ویڈیو کو سچن ٹنڈلکر نے ری ٹویٹ کیا۔ ویڈیو میں سوپور علاقہ کی بائیں ہاتھ کے بلے باز حرمت ارشاد بٹ نام کی کمسن لڑکی ایک بہترین شارٹ کھیلتے ہوئے نظر آئی۔
حال ہی میں سچن ٹنڈولکر اپنے اہل خانہ کے ساتھ کشمیر دورے پر آئے تھے۔ دورے کے دوران سچن نے پیر کرکٹر عامر حسن لون سے ملاقات کی اور انہیں تحفہ میں ایک بیٹ دیا تھا۔ سچن نے اپنے دورہ کے دوران پلوامہ کے چرسو اونتی پورہ میں قائم ایک کرکٹ بیٹ منی فیکچرنگ فیکٹری کا دورہ بھی کیا تھا۔
سچن نے اپنے دورے کشمیر کے دوران سرحدی علاقہ اوڑی میں مقامی باشندوں کے ساتھ گلی کرکٹ کھیلتے ہوئے ایک ویڈیو بھی شیئر کیا، جس میں انہیں نو گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ سچن ٹنڈولکر نے اپنی اہلیہ انجیلی ٹنڈولکر اور بیٹی سارا ٹنڈولکر کے ہمراہ جھیل ڈل میں شکارہ سواری بھی کی تھی۔