امت نیوز ڈیسک //
سرینگر: انجمن اوقاف جامع مسجد سرینگر کے عہدیداروں اور اراکین کا ایک غیر معمولی اجلاس اوقاف کے سربراہ میرواعظ ڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق کی صدارت میں اوقاف کے صدردفتر پر منعقد ہوا۔ اجلاس میں جمعتہ الوداع، شب قدر اور عیدالفطر کے سلسلے میں مرکزی تاریخی جامع مسجد سرینگر میں نمازیوں اور زائرین کی سہولیات کی کیلئے انتظامات کو حتمی شکل دی گئی۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ تقریباً پانچ سال کے عرصہ کے بعد میرواعظ جمعتہ الوداع، شب قدر اور عید الفطر کی نماز جامع مسجد میں ادا کریں گے اور اس بار جمعتہ الوداع کو یوم دعا اور توبہ و استغفار کے طور پر منایا جائیگا۔اس موقع پر میر واعظ اپنے خطاب میں مختلف دینی اور سماجی مسائل پر اپنے خیالات کا اظہار کریں گے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جمعتہ الوداع کی نماز ڈھائی بجے ادا کی جائیگی، جبکہ میرواعظ 12 بجکر 40 منٹ پر وعظ و تبلیغ کی مجلس سے خطاب کریں گے اور شب قدر کو نمازتراویح ساڑھے 10 پر ادا کی جائیگی اور رات 12 بجے مجلس وعظ و تبلیغ کی جائےگی۔
اجلاس میں حسب سابقہ ان مقدس ایام کے دوران نمازیوں اور زائرین کو ہر طرح کی سہولیات فراہم کرنے کے حوالے سے انتظامات کو حتمی شکل دی گئی، تاکہ مرکزی جامع مسجد سرینگر میں دور دراز علاقوں سے آنے والے نمازیوں اور زائرین کو ہرممکن سہولت فراہم کی جاسکے۔
اس موقع پر میرواعظ نے انجمن کے عہدیداروں اور عملے کو ہدایت دی کہ وہ خاسطور پر جمعتہ الوداع، شب قدر اور عید الفطر کے مواقع پر بجلی، پانی ، صفائی ، فرش و فروش، اور دیگر داخلی انتظامات کے تئیں احسن طریقے سے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں تاکہ کسی کو بھی تکلیف یا شکایت کا موقع نہ ملے۔
اجلاس میں ریاستی انتظامیہ پر زور دیا گیا کہ وہ ان متبرک دنوں میں جامع مسجد میں پاور سپلائی، پانی کی دستیابی اور ٹریفک نظام میں بہتری کو یقینی بنائیں اور ارد گرد صفائی اور ستھرائی کاخاص خیال رکھیں۔اس موقع پر انجمن اوقاف کے اراکین، عملہ اور عہدیداروں نے جناب میرواعظ کو یقین دلایا کہ وہ مرکزی جامع مسجد کے تقدس کو بحال رکھنے کے ساتھ ساتھ اپنی دینی اور ملی ذمہ داریاں احسن طریقے پر نبھائیں گے تاکہ نمازیوں اور زائرین کو کوئی زحمت اور تکلیف نہ پہنچے۔