امت نیوز ڈیسک //
مغربی بنگال : چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی نے جمعرات کے روز بی جے پی پر الزام عائد کیا کہ وہ لوک سبھا انتخابات کے لئے مثالی ضابطہ ئ اخلاق پر عمل نہیں کررہی ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ کسی زہریلی سانپ پر بھروسہ کیا جاسکتا ہے لیکن زعفرانی کیمپ پر نہیں۔
ممتا بنرجی نے کوچ بہار میں ایک جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے الزام لگایا کہ مرکزی تحقیقات ایجنسیاں‘ بارڈر سیکوریٹی فورس(بی ایس ایف) اور سنٹرل انڈسٹریل سیکوریٹی فورس (سی آئی ایس ایف) بی جے پی کی ایماء پر کام کررہی ہیں۔ انہوں نے الیکشن کمیشن سے اپیل کی کہ وہ اس معاملہ کا جائزہ لے اور تمام سیاسی جماعتوں کے لئے مساوی مواقع کو یقینی بنائے۔
انہوں نے کہا کہ بی جے پی آپ سے کہہ رہی ہے کہ ایک بار پھر آواس یوجنا کے لئے اپنے نام درج کرائیں۔ پھر نام کیوں درج کرائے جارہے ہیں؟۔ وہ لوگ آپ کو دھوکہ دینا چاہتے ہیں۔ آپ کسی زہریلی سانپ پر بھروسہ کرسکتے ہیں‘ حتیٰ کہ اسے پالتو بھی بناسکتے ہیں لیکن آپ بی جے پی پر کبھی بھروسہ نہیں کرسکتے۔بی جے پی ملک کو تباہ کررہی ہے۔
اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ ان کی پارٹی ٹی ایم سی مرکزی ایجنسیوں کی دھمکی کے آگے گھٹنے نہیں ٹیکے گی‘ ممتا بنرجی نے کوچ بہار کی خواتین سے درخواست کی کہ وہ بی ایس ایف کی جانب سے مقامی عوام کو اذیت رسانی کے واقعات پر پولیس میں شکایت درج کرائیں۔
انہوں نے کہا کہ مرکزی تحقیقاتی ایجنسیاں این آئی اے‘ محکمہ انکم ٹیکس‘ بی ایس ایف اور سی آئی ایس ایف‘ بی جے پی کے لئے کام کررہی ہیں۔ بی جے پی مثالی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کررہی ہے۔
ہم الیکشن کمیشن سے عاجزانہ درخواست کرتے ہیں کہ وہ سب کے لئے مساوی مواقع کو یقینی بنائے کیونکہ مرکزی ایجنسیاں زعفرانی کیمپ کے لئے کام کررہی ہیں۔ بی جے پی صرف ”ایک ملک‘ ایک جماعت“ کے اصول پر عمل کرتی ہیں۔
یہ قومی شرم کا معاملہ ہے کہ ایک شخص جس کے خلاف کئی کیسس درج ہیں‘ اسے وزیر داخلہ بنادیا گیا ہے۔ اسے ہماری پارٹی سے نکال دیا گیا تھا اب وہ بی جے پی کا اثاثہ بن گیا ہے۔ وہ بظاہر نسیت پرمانک کا حوالہ دے رہی تھیں۔ واضح رہے کہ پرمانک ٹی ایم سی یوتھ کانگریس کا لیڈر تھا۔ اسے 2018میں پارٹی سے نکال دیا گیا تھا۔
اس نے بعدازاں بی جے پی میں شمولیت اختیار کرلی تھی۔ کوچ بہار کے سابق ایس پی دیباشیش دھر کو بیربھوم سے اپنا امیدوار نامزد کرنے پر زعفرانی کیمپ کو نشانہ ئ تنقید بناتے ہوئے ممتا بنرجی نے کہا کہ 2021 کے اسمبلی انتخابات کے دوران جس شخص نے سیتاکلچی میں 5 افراد کو ہلاک کیا تھا اسے بی جے پی نے اپنا امیدوار بنایا ہے۔ یہ چیز پارٹی کی سچائی کو ظاہر کرتی ہے۔