امت نیوز ڈیسک //
پلوامہ: جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ میں آج علیٰ الصبح عسکریت پسندوں اور سکیورٹی فورسز کے دوران جھڑپ شروع ہوگئی۔ اطلاعات کے مطابق سکیورٹی فورسز کو علاقے میں عسکریت پسندوں کی موجودگی کی ایک مصدقہ اطلاع ملی جس کے بعد انہوں نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ تلاشی کارروائی کے دوران فوج اور عسکریت پسندوں کا آمنا سامنا ہونے کے بعد دونوں طرف سے گولیوں کا تبادلہ شروع ہو گیا۔
ذرائع کے مطابق علاقے میں دو سے تین عسکریت پسند موجود گھرے ہوئے ہیں۔ وہیں فوج، سی آر پی ایف اور پولیس نے مل کر پورے علاقے کو اپنے محاصرے میں لے رکھا ہے۔ دونوں جانب سے گولیوں کا شدید تبادلہ جاری ہے۔
یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ ضلع پلوامہ میں تقریباً ایک سال بعد عسکریت پسندوں اور فوج کے دوران انکاؤنٹر شروع ہوا ہے۔ وہیں کل ضلع شوپیان میں نامعلوم افراد کی جانب سے ایک غیر مقامی شخص کو بھی ہلاک کیا گیا تھا۔
یہ انکاؤنٹر ایک ایسے وقت میں شروع ہوا ہے جب لوک سبھا انتخابات 2024 کے پیش نظر وادی کشمیر میں سیاسی سرگرمیوں عروج پر ہیں۔ انتخابی سرگرمیوں میں کسی بھی طرح کے خلل کی روک تھام اور عوام کے تحفظ کے لیے پولس اور فوج الرٹ ہیں۔