سری نگر، 14 اپریل : جنوبی کشمیر کے پلوامہ ضلع کے اونتی پورہ علاقے میں اتوار کو ایک سڑک حادثے میں ایک خاتون کی جان چلی گئی جبکہ سات دیگر زخمی ہوگئے۔
ایک اہلکار نے نیوز ایجنسی کشمیر اسکرول کو بتایا کہ ایک حادثہ چرسو اونتی پورہ میں پیش آیا، جس میں 08 افراد زخمی ہوئے جنہیں اونتی پورہ اسپتال لے جایا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ پی ایچ سی اونتی پورہ میں ڈاکٹروں نے ایک خاتون کو مردہ قرار دیا جس کا نام سمی جان زوجہ مدثر احمد گنائی ساکن پنزگام ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ زخمیوں میں سے 03 مریضوں کو مزید علاج کے لیے سکمز ریفر کیا گیا ہے اور زخمیوں میں سے 4 کو پی ایچ سی اونتی پورہ میں زیر علاج ہے اور ان کی حالت مستحکم ہے۔ دریں اثناء پولیس نے نوٹس لیتے ہوئے تفتیش شروع کر دی ہے۔(کشمیر اسکرول)










