امت نیوز ڈیسک //
واشنگٹن: ایرانی حملے کے جواب میں اسرائیل نے بھی ایران پر حملہ کردیا ہے۔ اسرائیلی میزائلوں نے ایران میں ایک مقام کو نشانہ بنایا۔ اے بی سی نیوز نے جمعرات کی رات دیر گئے یہ اطلاع دی۔
ایک امریکی اہلکار کے حوالے سے دی گئی اطلاع میں بتایا گیا ہے کہ شام میں ایرانی سفارت خانے پر حملے کے جواب میں ایران کی جانب سے اسرائیل پر ڈرون و میزائل حملوں کے چند دن بعد اسرائیل نے بھی کارروائی کی ہے۔
ایران کی فارس نیوز ایجنسی کا کہنا ہے کہ ایرانی شہر اصفہان کے ایک ہوائی اڈے پر دھماکے کی آواز سنی گئی تاہم فوری طور پر اس کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی۔
کئی ایرانی نیوکلیر مقامات اصفہان صوبے میں واقع ہیں جن میں نتانز بھی شامل ہے جو کہ ایران کے یورینیم افزودگی کے پروگرام کا مرکز ہے۔
سی این این نے رپورٹ کیا ہے کہ ایرانی فضائی حدود میں کئی پروازوں کا رخ موڑ دیا گیا ہے۔
بتادیں کہ گذشتہ ویک اینڈ کے موقع پر ایران نے اسرائیلی کی طرف سینکڑوں ڈرون اور میزائل داغے تھے جنہیں امریکہ اور برطانیہ کی افواج نے ہوا میں ہی مار گرا دیا تھا۔
زیادہ تر ڈرون اور میزائل اسرائیلی علاقے تک پہنچنے سے پہلے ہی مار گرائے گئے جس میں امریکی پیٹریاٹ دفاعی نظام کا اہم رول رہا ہے۔
اس کے بعد اسرائیل نے کہا تھا کہ وہ 13 اپریل کو ایران کے میزائل اور ڈرون حملے کا جواب دینے جا رہا ہے۔