امت نیوز ڈیسک //
اونتی پورہ: منشیات فروشوں کے خلاف اپنی کارروائی کو جاری رکھتے ہوئے اونتی پورہ پولیس نے پیر کے روز تین منشیات فروشوں کے دو منزلہ کنکریٹ مکانات جن کی مالیت تقریباً 71,58,010 روپے ہے کو منسلک کیا ہے۔
پولیس کے ایک ترجمان نے اس حوالے سے بتایا کہ منشیات فروش شبیر احمد پرے ولد کمال پرے ساکن چرسو اونتی پورہ، منظور احمد بھٹ ولد غلام احمد بھٹ چرسو اور اشفاق امین بھٹ ولد محمد امین بھٹ ساکن چرسو کی پراپرٹی کو این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت منسلک کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پولیس کی جانب سے کی گئی انکوائری کے دوران پتہ چلا کہ یہ تمام پراپرٹی غیر قانونی طور پر حاصل کی گئی۔یہ تینوں بدنام زمانہ منشیات فروش فی الحال این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت حراست میں ہیں اور سنٹرل جیل کوٹ بلوال جموں میں مقید ہیں۔
علاقے کے لوگوں نے منشیات فروشوں کے ذریعہ منشیات کی غیر قانونی اسمگلنگ سے حاصل ہونے والی غیر منقولہ املاک کو ضبط کرنے کے پولیس کارروائی کی سراہانہ کی۔
قابل ذکر ہے کہ پولیس نے سال رواں میں وادی کشمیر کے مختلف اضلاع میں این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت کئی منشیات فروشوں کی پراپرٹی کو اٹیچ کیا ہے۔ پولیس کے مطابق اس طرح کی کارروائی سے منشیات فروشوں کے حوصلے پست ہوجائیں گے اور منشیات کے کاربار میں کمی آسکتی ہے۔